وزیراعلیٰ کا ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ ، ڈینگی کے مریضوں کی عیادت کی ،مرض کی تشخیص کیلئے جدید مشینری فوری خریدنے کی ہدایت ، حکومت ڈینگی پر قابو پانے کے لئے پوری طرح متحرک ہے ،ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ،شہبازشریف ، مشترکہ کوششوں سے اس مرض پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے،ڈینگی پر مکمل کنٹرول تک یہ کوششیں اسی طرح جاری رہیں گی،میڈیا سے بات چیت

اتوار 3 نومبر 2013 23:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3نومبر۔2013ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے پر بھرپور توجہ اور اس مرض کے خاتمے کے لئے ہنگامی بنیادو ں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں - حکومتی اداروں کی طرف سے کئے جانے والی کوششوں کے ساتھ ساتھ شہری خود بھی اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھیں اور ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر مکمل طور پرعمل کریں- ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے اور دیکھ بھال کے لئے ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کا جذبہ اور کاوشیں لائق تحسین ہیں - وزیراعلی نے ڈینگی مرض کی تشخیص کے لئے جدید مشین آج شام تک خرید کر ہولی فیملی ہسپتال کے حوالے کرنے کے احکامات بھی دیئے-اس امر کا اظہار انہو ں نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا- وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، سیکرٹری صحت پنجاب حسن اقبال، پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج پروفیسر محمد عمر، ہسپتال کے ایم ایس اور ڈاکٹرز بھی موجود تھے-وزیر اعلی محمد شہبازشریف نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے کے لئے صوبے کے تمام ہسپتالوں میں بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے اور ہسپتالوں کا عملہ ڈینگی کے خصوصی وارڈز میں ہمہ وقت خدمات کے لئے سرگرم عمل ہے- انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اور سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ڈینگی کے بارے میں آگاہی اور اس جان لیوا مرض کے سدباب کے لئے کی جانے والی کوششوں میں شریک کیا جا رہا ہے- انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ڈینگی پر قابو پانے کے لئے پوری طرح متحرک ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ تمام شہری مشترکہ کوششوں سے اس مرض پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے اور ڈینگی پر مکمل کنٹرول تک یہ کوششیں اسی طرح جاری رہیں گی-وزیر اعلی محمد شہباز شریف ہولی فیملی ہسپتال کے دورے کے موقع پر زیر علاج ڈینگی کے مریضوں کے پاس گئے اور فرداً فرداً ان سے ہسپتال میں مہیا کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا- زیر علاج مریضوں نے علاج معالجے کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اورحکومت کی طرف سے سرکاری ہسپتالوں میں دستیاب کی گئی ڈینگی کے علاج کی بہترین سہولیات پر وزیر اعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا- محمد شہباز شریف نے ہولی فیملی ہسپتال کی طرف سے علاج کے دوران ادویات کی فراہمی کے بارے میں بھی مریضوں سے استفسارکیا-جنہوں نے بتایا کہ انہیں ہر قسم کی ادویات مفت مہیا ہو رہی ہیں- وزیر اعلی نے کہا کہ ڈینگی ایک قابل علاج مرض ہے اوراسی نقطہ نظرکے تحت حکومت کی طرف سے گزشتہ سال کی طرح ہسپتالوں میں ڈینگی کے خصوصی وارڈز قائم کر کے مریضوں کے علاج معالجے پر خصوصی توجہ دی ہے- ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خصوصی تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے- تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر کے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ علاج، احتیاطی تدابیر سے آگاہی اور صحت وصفائی کی صوتحال بہتر بنانے پر اولین توجہ دی جائے اور اس حکمت عملی کی وجہ سے جس تیزی سے ڈینگی کا حملہ ہوا اس پر کم سے کم وقت میں قابو پانے میں مدد ملی- وزیر اعلی نے ڈینگی کے علاج پر مامور ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کے اراکین سے بھی بات چیت کی اور ان کے جذبے کی تعریف کی جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں ڈینگی کے مریض صحتیاب ہو کر واپس جا چکے ہیں- اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب احسن اقبال نے وزیر اعلی پنجاب کو راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کیلئے کی گئی کوششوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ عوامی نمائندوں کی معاونت، ڈویژنل وضلعی انتظامیہ اور سرکاری محکموں کے تعاون سے ڈینگی کے خلاف موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں- پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج پروفیسر محمد عمر نے ہولی فیملی اور راولپنڈی کے دیگر ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا-

متعلقہ عنوان :