پینٹاگون، سی آئی اے کے ہاتھوں ایذا رسانی میں طبی کارکن ملوث ہونے کا انکشاف،جیلوں میں ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹروں اور نرسوں نے امریکی اہلکاروں کے ساتھ ملکر قیدیوں کو نشانہ بنایا،رپورٹ

پیر 4 نومبر 2013 23:05

واشنگٹن(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔4نومبر۔2013ء) امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے اور محکمہ دفاع پینٹاگون کی طرف سے قائم کی گئی جیلوں میں مشتبہ دہشت گردوں پر تشدد اور ایذا رسانی میں طبی کارکن بھی ملوث تھے۔ یہ بات ایک نئی غیر جانبدار رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی اداروں نے مشتبہ دہشت گردوں کو رکھنے کے لیے جو جیلیں قائم کر رکھی ہیں، وہاں فرائض انجام دینے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کا کام بظاہر قیدیوں کی صحت پر نظر رکھنا تھا، لیکن ان قیدیوں کے خلاف امریکی اہلکاروں کی زیادتیوں میں یہ ڈاکٹر اور نرسیں بھی ملوث رہے ہیں۔

امریکی محکمہ دفاع اور سی آئی اے کا ان طبی کارکنوں سے مطالبہ تھا کہ وہ ان قیدیوں سے اہم معلومات کے حصول میں حکام کی مدد کریں۔

(جاری ہے)

اس طرح ان ڈاکٹروں اور نرسوں نے امریکی اہلکاروں کی مدد کرتے ہوئے زیر حراست مشتبہ افراد کو شدید نقصان پہنچانے میں حکام کی مدد کی۔ یہ بات دو سال تک جاری رہنے والے ایک ایسے مطالعے کے بعد تیار کردہ رپورٹ میں سامنے آئی ہے، جو امریکی انسٹیٹیوٹ آف میڈیسن اور جارج سوروش کی فنڈنگ سے چلنے والی اوپن سوسائٹی فاوٴنڈیشن کی طرف سے مکمل کرایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اس عمل کے دوران پیشہ ور طبی کارکنوں نے ایسے طریقے ڈھونڈنے اور ان پر عملدرآمد میں حصہ لیا، جن کے تحت قیدیوں پر تشدد کرنے کے علاوہ، انہیں ظالمانہ، غیر انسانی اور ذلت آمیز برتاوٴ کا سامنا کرنے پر مجبور کیا گیا۔