یہ کسی بھی معاشرے ،حکومت کیلئے لمحہ فکریہ سے کم نہیں کہ بچے گندہ پانی پی رہے ہوں ‘ 80فیصد بیماریاں آلودہ پانی سے پیدا ہوتی ہیں‘ گورنر پنجاب ،ہم کسی بھی جدوجہد یا فرض میں کامیاب نہیں ہو سکتے جب تک ہم مشترکہ طور پر ایک سوچ اور فکر کے حامل نہیں ہوتے،ماضی میں جو فلٹریشن پلانٹس لگائے گئے وہ ناقص تھے اور ان کا پانی پینے کے قابل بھی نہیں‘ تقریب سے خطاب

پیر 4 نومبر 2013 23:08

لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔4نومبر۔2013ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ یہ کسی بھی معاشرے اور حکومت کے لئے لمحہ فکریہ سے کم نہیں کہ بچے گندہ پانی پی رہے ہوں ‘ 80فیصد بیماریاں آلودہ پانی کی وجہ سے پیدا ہوتی ہیں جو ا س قوم کے سب سے بڑھے سرمایہ یعنی بچوں کے ساتھ نا انصافی ہے‘ہم سب کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم انہیں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے سوموار کے روز ”کلین واتر سیف لائف “ کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے دارلشفقت فار بوائز اینڈ گرلزسکولز، انجمن حمایت اسلام میں صاف پانی کے علیحدہ علیحدہ فلٹریشن پلانٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جو قومیں عدل، سچ اور دیانتداری کے اصولوں پر عمل پیرا ہوتی ہیں وہی کامیابی اور کامرانی سے ہمکنار ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ انتہائی اطمینان اور مسرت کا لمحہ ہے کہ میں وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے وژن کو عملی صورت میں ان پلانٹس کی تنصیبات کے حوالے سے مکمل کررہا ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی جدوجہد یا فرض میں کامیاب نہیں ہو سکتے جب تک ہم مشترکہ طور پر ایک سوچ اور فکر کے حامل نہیں ہوتے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ مجھے بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ماضی میں جو فلٹریشن پلانٹس لگائے گئے وہ ناقص تھے اور ان کا پانی پینے کے قابل بھی نہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی اس مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہوئے ہیں ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے اور انہیں کیفرکردار تک پہنچانا چاہئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ میں نے کبھی خود کو گورنر محسوس نہیں کیابلکہ پہلے ایک محب وطن پاکستانی تصور کیا ہے اور میرے لئے پورے پاکستان اور اس کا ایک ایک چپہ اسی طرح عزیز ہے جس طرح صوبہ پنجاب ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ امر بھی میرے لئے انتہای عزت اور اطمینان کا باعث ہے کہ میں نے بطور گورنر حلف اٹھانے کے بعد سب سے پہلے دارلشفقت کے بچوں کو ہی عید کے موقع پر گورنر ہاؤس مدعو کیا اور آج میں اس فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی انہیں بچوں کے سکول سے ہی کر رہا ہوں۔ اس موقع پر پنجاب کے صوبائی وزیر رانا مشہود احمد نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہمارے لئے انتہائی قابل فخر بات ہے کہ ہمیں ایک انتھک، محنتی، محبت وطن اور دردِ دل رکھنے والے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے ساتھ ساتھ چوہدری محمد سرور کی صورت میں ایسی ہی خوبیوں والاگورنر بھی ملا جس کی ترجیحات بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرح صوبے کے عوام کی خوشحالی و ترقی اور بچوں میں تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :