ڈینگی سے ہلاکتوں پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے،پنجاب حکومت جواب دے، لاہور ہائیکورٹ

منگل 5 نومبر 2013 11:43

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5نومبر 2013ء) لاہور ہائیکورٹ نے ڈینگی سے مسلسل ہلاکتوں پر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے قرار دیا کہ یہ انسانی جانوں کا معاملہ ہے،عدالت خاموش نہیں بیٹھ سکتی۔جسٹس خالد محمود خان نے اکیس نومبر کو پنجاب حکومت سے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ پنجاب حکومت ڈینگی پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے،ابھی تک ڈینگی سے ہلاکتوں کا سلسلہ نہیں رک سکا جس کی سب سے بڑی وجہ غیر معیاری ڈینگی سپرے ہے۔

عدالت نے معاملہ پر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے قرار دیا کہ یہ انسانی جانوں کا معاملہ ہے۔عدالت خاموش نہیں بیٹھ سکتی۔عدالت نے پنجاب حکومت سے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے کیے گئے اقدامات کی رپورٹ اکیس نومبر کو طلب کر لی۔