وزیراعلی شہباز شریف کا نجی اسپتالوں میں زیرعلاج ڈینگی کے مریضوں کا مفت علاج کرنے کا حکم

منگل 5 نومبر 2013 13:00

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5نومبر 2013ء) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے نجی اسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی کے مریضوں کا مفت علاج کرنے حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی کےخاتمےکےلئےکوئی کسرنہ چھوڑی جائےغفلت پر کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کے اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزرا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری، سیکریٹری صاحبان، کمشنر لاہور ڈویژن، متعلقہ حکام، ڈاکٹرز اور ماہرین نے شرکت کی، اس موقع پر وزیراعلی نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے کوئی کسرنہ چھوڑی جائےغفلت پر کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا، منتخب نمائندے اور سیکریٹری روزانہ انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے فیلڈ میں جائیں، انہوں نے کہا کہ ہائی رسک یونین کونسلز میں فوگنگ اور سپرے جاری رکھا جائے اور صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے دن رات محنت کی جائے، ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، ہمیں وقت ضائع کئے بغیر عوام کے شانہ بشانہ کام کرنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے تربیت یافتہ اسٹاف کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے، انسانی جانوں کے معاملے پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے محرم الحرام میں مجالس کے مقامات پر خصوصی سپرے کی ہدایت بھی کی، جبکہ شہباز شریف نے 2012 میں راولپنڈی میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی بھرتیاں نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔