ڈینگی سرویلنس ،سپرے و فوگنگ پر مامور ٹیمیں 4یوم میں تمام یونین کونسلوں میں کاروائی کر کے رپورٹ پیش کریں‘ مہر اشتیاق ،ایسی یونین کونسلیں جہاں ڈینگی لاروا یا مچھر زیادہ تعداد میں پایا جائے وہاں عوام آگاہی کیلئے مساجد میں اعلانات کرائے جائیں،چیئر مین سمن آباد ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے ڈینگی و رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے

منگل 5 نومبر 2013 20:07

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5نومبر۔2013ء) چیئر مین ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی و رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد نے ڈینگی لاروا کی سرویلنس ،سپرے اورفوگنگ پر مامور ٹیموں کو 4یوم کے اندر ٹاؤن کی تمام یونین کونسلوں میں ڈینگی کے انسداد کی کاروائی مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے یہ بات منگل کے روز یہاں سمن آباد ٹاؤن میں ڈینگی کے انسداد بارے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر سیکرٹری تعلیم عبدالجبار شاہین،ٹاؤن و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد نے کہا کہ ایسی یونین کونسلیں جہاں ڈینگی لاروایا مچھر زیادہ تعداد میں پایا جائے وہاں عوام آگہی کے لئے مساجد میں لاوڈ اسپیکر کے ذریعے ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر بارے اعلانات کروائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اجلاس میں موجود تمام یونین کونسلوں کے سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں کا دورہ کریں اور خالی پلاٹوں ، کوڑا کرکٹ و گندگی کے ڈھیروں کی نشاندہی کر کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حکام کو اطلاع کریں۔

چیئر مین ایمرجنسی رسپانس کمیٹی مہر اشتیاق احمدنے اجلاس میں موجود واسا حکام پر زور دیا کہ وہ ٹاؤن میں موجود تمام ٹیوب ویلوں اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی سائٹس پر پانی کی لیکج چیک کر کے رپورٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسپکشن کے دوران اگر کسی جگہ پانی کی لیکج پائی گئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے پی ایچ اے حکام کو بھی ہدایت کی کہ وہ ٹاؤن میں موجود تمام پارکس ،گراؤنڈز اور سرکاری و غیر سرکاری نرسریوں کو چیک کریں اور سپرے کروائیں۔

انہوں نے قبرستانوں ،پارکس اور گرین بیلٹوں پر پرندوں کو پانی پلانے کے لئے رکھے گئے تمام برتن فوری طور پر ہٹا نے کے بھی احکامات دیئے۔ مزید براں انہوں نے سمن آباد ٹاؤن کی حدود میں واقع تمام قبرستانوں کو چیک کرنے اور2یوم میں ڈینگی کلیئرنس رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ۔