رکن صوبائی اسمبلی چوہدری یاسین سوہل کی والٹن میں ڈینگی کے خاتمے کیلئے ٹیموں کے ہمراہ کارروائی ،نجی رہائش گاہوں کے خراب نکاسی آب سے ڈینگی کے خدشہ پر مالکان کو سخت وارننگ جاری ، ڈینگی کے خاتمے کیلئے لوگوں میں آگاہی کے علاوہ تمام محکمے مشترکہ کوششوں کومزیدمربوط بنائیں‘ یاسین سوہل

بدھ 6 نومبر 2013 17:19

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6نومبر 2013ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈینگی ایمر جنسی رسپانس کمیٹی چوہدری محمد یاسین سوہل نے کینٹ کے علا قوں میں ڈینگی تدارک سرگرمیوں اور آگاہی مہم کا جائزہ لینے کے لیے مدینہ کالونی والٹن ودیگر مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈینگی کے ریڈ الرٹ اور ہائی رسک ایریاز میں انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کے دوران ڈینگی لاروا کی نشاندہی والے پوائنٹس پر آئی آر ایس اور فوگنگ سپرے کروایا۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر افضل خان ، ٹی ایم اے کا عملہ ،مقامی نمائندے، محکمہ صحت اور تعلیم کے افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ چوہدری یاسین سوہل نے بعض مقامات پرگھروں میں نکاسی آب کے ناقص انتظامات کی وجہ سے پانی کھڑا دیکھ کر رہائشی مالکان کو وارننگ دی کہ وہ فوری طور پر پانی کے پائپ اور سیوریج کے نظام کو درست کروائیں ورنہ ان کے چالان کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

رکن اسمبلی نے والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی یونین کونسل نمبر 6میں مدینہ کالونی کے علاوہ، شمع کالونی ، اکرم آباد، عثمان کالونی، و دیگر علاقوں میں گھر گھر جا کر لوگوں کو ڈینگی سے بچاؤ کی تدابیر اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا اور پمفلٹس تقسیم کئے۔چوہدری یاسین کے ساتھ ان علاقوں میں ڈینگی تدارک کارروائی کی اس ٹیم میں چلڈرن ہسپتال کی60نرسوں، 48لیڈی ہیلتھ ورکرز کے علاوہ ،23سپرے مین، 11سی ڈی سپروائزر، 2انوائرمنٹ انسپکٹرز اور ٹی ایم اے کا عملہ بھی شامل تھا۔