حکومت ضلع شیخوپورہ ،خصوصاً تحصیل فیروز والہ کو ڈینگی وائرس کے حملہ سے بچاؤ کیلئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کریگی، صوبائی وزیر زراعت ،سردی کے بڑھنے سے ڈینگی مچھر گھروں میں داخل ہو چکا ہے اس لئے ڈینگی ٹیمیں گھروں میں سپرے کریں، ڈاکٹر فرخ جاوید کی ہدایت

بدھ 6 نومبر 2013 20:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6نومبر۔2015ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ضلع شیخوپورہ اور خصوصاً تحصیل فیروز والہ کو ڈینگی وائرس کے حملہ سے بچاؤ کے لئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کرے گی۔ یہ بات صوبائی وزیر برائے زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے تحصیل میونسپل ایڈ منسٹریشن فیروز والہ میں ڈینگی تدارک مہم کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس میں کہی۔

ایڈ وائزر وزیر اعلی ٰپنجاب محمد منشاء اللہ بٹ ،ڈی سی او عرفان نواز میمن ،اسسٹنٹ کمشنر راشد ارشادحسین ، ملیحہ رشید ،رائے نعیم اللہ بھٹی ،ٹی ایم او زعنایت سندھو،محمود تمنا ،ایم پی اے پیر اشرف رسول اور دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹرفرخ جاوید نے کہا کہ لاہور کی قربت ہونے کے باعث ضلع شیخوپورہ کو عمومی طور پر اور اسکی تحصیل کو خصوصی طور پر صوبائی حکومت نے ڈینگی سے ممکنہ خطرہ کے پیش نظر ہائی رسک قرار دیا اور اس تحصیل کو لاہور کے ٹاؤن کے مساوی سہولیات اور وسائل فراہم کئے گئے ہیں تا کہ ڈینگی کا موثر کنٹرول ممکن ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سردی کے بڑھنے سے ڈینگی مچھر گھروں میں داخل ہو چکا ہے اس لئے ڈینگی ٹیمیں گھروں میں سپرے کریں۔ انہوں نے کہاکہ کوئی مہم عوام کے تعاون کے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکتی اس لئے عوام بھی بھر پور تعاون کریں ۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ سرکاری ملازمین مذہبی ،قومی اور اخلاقی فریضہ سمجھ کر کام کریں کیونکہ شائد انکی محنت سے کسی کی جان بچ جائے۔

صوبائی وزیر نے کہا یہ بات خوش آئند ہے کہ ابھی ضلع میں ڈینگی وائرس کنٹرول میں ہے تا ہم اگلے 20دن بہت اہم ہیں ۔ڈی سی او عرفان نواز میمن نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع میں 625ٹیمیں کام کر رہی ہیں ،محکمہ صحت، ریونیو ،ماحولیات ، ایگریکلچر ،سوشل ویلفئر اور لیبر اس مہم کو انتہائی موثر انداز سے چلا رہے ہیں۔ ٹیموں نے 1000سے زائد جگہوں پر لاروا تلاش کیا ، 112تالابوں میں 115400مچھلیاں ڈالی ہیں اورکیمیکل ،مکینیکل اور بائیو لوجیکل طریقوں سے ڈینگی کی تلفی کا عمل جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :