ڈینگی اور کانگو وائرس سے متاثرہ دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے ،ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد6ہو گئی ،37سالہ تنزیلہ رحمن کو ڈینگی وائرس کی تصدیق کے بعد نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی،ٹانک کا رہائشی محمد شفیق کانگو وائرس میں مبتلا ہو کر شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج تھا،مجموعی تعداد 3ہوگئی ‘ ذرائع محکمہ صحت

جمعرات 7 نومبر 2013 17:42

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7نومبر 2013ء) ڈینگی اور کانگو وائرس سے متاثرہ دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ شہر میں ڈینگی کے مزید 41مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق 37سالہ تنزیلہ رحمن کو ڈینگی وائرس کی تصدیق کے بعد نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی ۔ شہر میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6تک پہنچ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 41نئے مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ علاوہ ازیں شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج کانگو وائرس میں مبتلا ایک مریض دم توڑ گیا ہے ۔ بتایاگیا ہے کہ ٹانک کا رہائشی محمد شفیق کانگو وائرس میں مبتلا تھا اور اسکے خون کے نمونے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کو بھجوائے گئے تھے۔ تاہم محمد شفیق گزشتہ روز موت کا شکار ہو گیا ۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کانگو وائرس سے انتقال کرنی والوں کی تعداد 3ہوگئی ہے۔

متعلقہ عنوان :