ڈینگی کی وباء سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، متعلقہ ادارے پوری طرح متحرک ہیں، شہبازشریف،حکومت، منتخب نمائندوں، سرکاری محکموں اور عوام کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ڈینگی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے،منتخب نمائندے ہسپتالوں اور مختلف علاقوں کے دورے کریں، ڈینگی کے تدارک کے اقدامات کا جائزہ لیں اور رپورٹ پیش کریں، شہریوں میں اینٹی ڈینگی کٹس کی فوری تقسیم کو یقینی بنایا جائے ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا انسداد ڈینگی اجلاس سے خطاب

جمعرات 7 نومبر 2013 18:24

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7نومبر 2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی کی وباء سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، متعلقہ ادارے پوری طرح متحرک ہیں، حکومت، منتخب نمائندوں، سرکاری محکموں اور عوام کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ڈینگی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، انسداد ڈینگی کیلئے گزشتہ برسوں وضع کردہ پلان پر عملدرآمد کیا جاتا تو ڈینگی کبھی دوبارہ سر نہ اٹھاتا،ڈینگی مچھر کا 2011ء میں صوبے سے خاتمہ کیا تھا، دوبارہ بھی ڈینگی کو شکست دیں گے، منتخب نمائندے ڈینگی مچھر سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں پمفلٹس خود عوام میں تقسیم کریں اور اپنے حلقوں کے علاوہ دوسرے علاقوں میں دورے کرکے انسداد ڈینگی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیں۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کے روز یہاں انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان، خلیل طاہر سندھو، بلال یاسین، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ماہرین ، ترقیاتی ادارو ں کے سربراہان اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی ریگولیشنز پر پوری طرح عملدرآمد کرایا جائے۔ ان قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والے ہوٹلوں، شادی ہالوں اور دیگر اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ بس اڈوں، قبرستانوں اور دیگر پبلک مقامات کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈینگی مچھر اور اس کے لاروے کے خاتمے کیلئے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر بھرپور توجہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اینٹی ڈینگی کٹس کی شہریوں میں فوری تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ اراکین اسمبلی اپنے علاقوں میں ہسپتالوں کے علاوہ دوسرے حلقوں میں واقع ہسپتالوں کے بھی دروے کریں اور ڈینگی بخار کے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیں اور اس حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ میٹرو اور ایل ٹی سی کی بسوں کے علاوہ پرائیویٹ بسوں میں بھی سپرے کیا جائے اور اس ضمن میں پرائیویٹ بس مالکان کو پابند کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنرل پریکٹشنرز کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن نہایت ضروری ہے اور جنرل پریکٹشنرز کے پاس آنے والے ڈینگی کے مریضوں کا ڈیٹا حاصل کیا جائے اور سیریس مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مجالس کے مقامات اور امام بارگاہوں میں بھی فی الفور سپرے کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے زیر تعمیر عمارات میں لاروا کی نشاندہی پر متعلقہ ٹھیکیداروں اور مالکان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قذافی سٹیڈیم میں زیرتعمیر عمارت سے لاروا برآمد ہونے پر متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے رضاکاروں کی فورس کو دوبارہ متحرک کرنے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں شالامار ٹاؤن کے ماڈل سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلپ لائن 0800-99000 کے ذریعے بھی عوام کو ڈینگی کے بارے میں بھرپور آگاہی دی جا رہی ہے۔ شہری ہیلپ لائن کے ذریعے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے شالامار ٹاؤن کے انسداد ڈینگی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیگر ٹاؤنز بھی اس کی تقلید کریں اور ڈینگی کی وباء سے نمٹنے کیلئے بھرپور محنت سے کام کریں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈینگی مچھر کے خاتمے کی مہم کو بھرپور انداز سے آگے بڑھایا جائے۔ منتخب نمائندے، متعلقہ ادارے اور ماہرین مربوط انداز میں قومی جذبے کے ساتھ کام کریں۔قبل ازیں مختلف محکموں کے سیکرٹریوں اور کمشنر لاہور ڈویژن نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔