ڈینگی کے مریضوں کو علاج معالجہ کی تشخیصی و ادویات کی فراہمی جیسی سہولتیں بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں، مجتبیٰ شجاع الرحمن ،طبی سہولیات کی نگرانی صوبائی وزراء و دیگر منتخب نمائندے کر رہے ہیں، سکولوں کے پارکس، گھاس کو تلف ،تالابوں میں پانی خشک رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے،صوبائی وزیرایکسائز و ٹیکسیشن، خزانہ نے میو ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کی عیادت کی ،علاج معالجہ کی سہولتوں بارے دریافت کیا

جمعرات 7 نومبر 2013 18:25

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7نومبر 2013ء) وزیرایکسائز و ٹیکسیشن، خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر ڈینگی کے مریضوں کو علاج معالجہ کی تشخیصی و ادویات کی فراہمی جیسی سہولتیں بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں اور طبی سہولیات کی نگرانی صوبائی وزراء و دیگر منتخب نمائندے کر رہے ہیں، ڈینگی کے تدارک کے لئے حکومت نے بھرپور کاوشیں کیں اور ڈینگی کے خلاف جنگ ایک مسلسل عمل ہے اور ڈینگی وائرس کے مکمل خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میو ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالمجید،اے ایم ایس ڈاکٹر علی حسن، پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان و دیگر حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے فردا فردا ڈینگی وارڈ میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج معالجہ کی سہولتوں بارے دریافت کیا ۔

مریضوں نے بتایا کہ انہیں ادویات کی فراہمی اور ٹیسٹوں کی سہولت ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مفت فراہم کی جا رہی ہے ۔ شاد باغ میں گول باغ و دیگر مقامات پرآگاہی مہم کے دوران صوبائی وزیر نے پمفلٹس تقسیم کئے اور صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے خلاف منتخب نمائندوں نے سماجی شعور بیدارکیاتاہم عوام میں آگاہی مہم جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب نے تمام ممکنہ وسائل مہیاکیے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال ڈینگی وائرس کے خلاف طلباء و طالبات نے معاشرتی شعور بیدارکرنے میں موثر کردار ادا کیا اوراس سال بھی بیداری مہم کے لئے حکومت نے صوبہ کے تمام سکولزکوہر ممکن وسائل مہیاکیے ہیں۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ٹاؤن انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ٹائر شاپس سے پرانے ٹائروں کو ہٹایا جائے اور انٹا مالوجسٹس کی ہدایت پر عمل نہ کرنے والی ٹائر شاپس کو سیل کر دیا جائے ۔

انہوں نے انتظامیہ کو ٹاؤن ایریا سے ویسٹ و کچرے کے ڈھیر صاف کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے تمام سکول انچارج کو پابند بنایا گیا ہے،اس سلسلے میں سکولوں کے پارکس، چھتوں پرگھاس کو تلف کرنے اورتالابوں میں پانی خشک رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :