Live Updates

ڈینگی کے خاتمے کیلئے عوام کا تعاون بے حد ضروری ہے، منتخب نمائندوں ، متعلقہ اداروں ،عوام کے اشتراک سے ڈینگی کو شکست دینگے، شہباز شریف ،انسداد ڈینگی ریگولیشن پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ، خلاف ورزی کو ناقابل ضمانت جرم قرار دلانے کیلئے قانون میں ترمیم کی جائے،ڈینگی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ انسداد پولیومہم کیلئے بھی قومی جذبے کے تحت بھرپور کام کیا جائے ،قوم کے نو نہالوں کو پولیو سے محفوظ بنانا ہماری ذمہ داری ہے،منتخب نمائندے ، سیکرٹریز، متعلقہ ادارے عوام کے تعاون سے انسداد ڈینگی کیلئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھیں، وزیر اعلیٰ کا انسداد ڈینگی اجلاس سے خطاب

ہفتہ 9 نومبر 2013 17:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8نومبر۔2013ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے عوام کا تعاون بے حد ضروری ہے ، انسداد ڈینگی مہم میں منتخب نمائندوں ، متعلقہ ادارے اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کاوشوں سے ہی ڈینگی کو شکست دی جا سکتی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے انسداد ڈینگی ریگولیشن کی خلاف ورزی کو ناقابل ضمانت جرم قرار دینے کے لئے قانون میں ترمیم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی ریگولیشن پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، ڈینگی لاروا ملنے کی صورت میں متعلقہ عمارت کو سیل کر کے مالک کو گرفتار کیا جائے، انسداد ڈینگی مہم کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے والے ہمارے سروں کے تاج ہیں اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔

وہ ہفتہ کے روز یہاں انسداد ڈینگی کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان، خلیل طاہر سندھو،رانا مشہود وائس چیئرمین ایل ڈی اے خواجہ احمد حسان ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ترقیاتی اداروں کے سربراہان اور ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات ، منتخب نمائندوں، سرکاری اداروں اور عوام کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ڈینگی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس برس اگرچہ انسداد ڈینگی کے لئے وضع کردہ نظام پر عملدرآمد کے حوالے سے کچھ کوتاہی ہوئی ہے تا ہم اس میں اصلاح کی گئی ہے اور مربوط انداز میں انسداد ڈینگی مہم کو آگے بڑھایا گیا ہے جس کی بدولت ڈینگی کے مریضوں میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے صوبے بھر کے جنرل پریکٹیشنرز سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی کے مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں بھجوائیں کیونکہ ان ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لئے بہترین طبی سہولیات دستیاب ہیں ۔

یہاں تربیت یافتہ ڈاکٹرز، نرسیں اور پیرا میڈیکل سٹاف موجود ہے۔اس لئے جنرل پریکٹیشنرز کے پاس اگر ڈینگی کے مریض زیر علاج ہیں تو وہ انہیں فوری طور پر سرکاری ہسپتالوں میں بھجوائیں۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس ضمن میں جنرل پریکٹیشنرز کے پاس زیر علاج ڈینگی مریضوں کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ منتخب نمائندے ، سیکرٹری صاحبان اور متعلقہ ادارے عوام کے تعاون سے انسداد ڈینگی کے لئے اقدامات جاری رکھیں اور ڈینگی کی روک تھام کے انتظامات کی فیلڈ میں جا کر نگرانی کریں۔

خلق خدا کی خدمت سے بڑھ کر کوئی اور خدمت نہیں ہو سکتی ۔ منتخب نمائندے اور سرکاری افسران عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنا لیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی طرح پولیو کے خاتمے کی مہم بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے اس مہم میں بھی منتخب نمائندے اپنا بھرپور کردار ادا کریں کیونکہ قوم کے نو نہالوں کو پولیو کی بیماری سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ شالا مارٹاؤن کے ماڈل پر دیگر ٹاؤنز میں بھی رضا کارفورس کو متحرک کیا جائے ۔

گھروں ، سرکاری اداروں ، عمارتوں ، بس اڈوں ، ریلوے اسٹیشنوں، امام بارگاہوں اور دیگر پبلک مقامات پر سپرے اور فوگنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔اراکین اسمبلی عوام کے نمائندے ہیں اس لئے ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ گھروں میں فوگنگ کے عمل میں ذاتی دلچسپی لیں۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو زیادہ سے زیادہے انڈرائیڈ فون خریدنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس فون کے ذریعے فیلڈ میں موجود عملے کی کارکردگی پر نظر رکھی جائے ۔

ہسپتالوں کے ویسٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھلے مقامات اور سبزی منڈیوں میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے اور ڈینگی کی روک تھام کے لئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کمشنر لاہور ڈویژن اور لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ وہ ریلوے کالونی مغلپورہ میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے ریلوے حکام سے قریبی رابطہ رکھیں اور اس ضمن میں پنجاب حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔

متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور کمشنرلاہور ڈویژن نے ڈینگی کے خاتمے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات جبکہ سیکرٹری صحت نے ہسپتالوں میں ڈینگی بخار کے مریضوں کے علاج معالجے اور طبی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات