وزیر اعلیٰ پنجاب نے انسداد ڈینگی مہم میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر شالامار ٹاؤن کے اراکین اسمبلی اور عملے کو تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے،عوامی خدمت کرنیوالے منتخب نمائندے اور سرکاری اہلکار ہمارے سر کا تاج ہیں جن کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھی جائیگی، شہباز شریف ، عوامی خدمت کا جذبہ ہوتو مشکل ، مشکل نہیں رہتی ، شہباز شریف ،شالا مار ٹاؤن کے اراکین اسمبلی کیلئے 2-2 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز کا اعلان،وزیر اعلی کی قیادت کے بغیر اس کام کو آگے بڑھانا ممکن نہ تھا،شہباز شریف نے حوصلہ افزائی کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں ، پرویز ملک

ہفتہ 9 نومبر 2013 17:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8نومبر۔2013ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے انسداد ڈینگی مہم میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر شالا مار ٹاؤن سے منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی اور ٹاؤن کے افسروں اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے تقریب منعقد کی گئی ۔وزیر اعلیٰ شہبا شریف نے ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران علاقے کے ایم این اے پرویز ملک، شائستہ پرویز ملک، ایم پی اے چوہدری شہباز، باواختر اور ٹاؤن کے عملے میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے اور ان کی انسداد ڈینگی مہم انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندوں اور سرکاری اہلکاروں نے شالا مار ٹاؤن میں ڈینگی کے خاتمے کے لئے بہترین کام کیا ہے۔

عوامی خدمت کرنے والے منتخب نمائندے اور سرکاری اہلکار ہمارے سر کا تاج ہیں جن کی بھرپور حوصلہ افزائی مستقبل میں بھی جاری رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے علاقے کے ایم این اے اور ایم پی ایز کو دو،دوکروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے اس فنڈز سے علاقے میں مزید ترقیاتی کام کرائیں کیونکہ انسداد ڈینگی مہم میں شب و روز کر کے انہوں نے ایک مثال قائم کی ہے جس پر میں شالا مار ٹاؤن کے منتخب نمائندوں اور عملے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

عوامی اہمیت کے اس کام میں شالامارٹاؤن نے جس دلجمعی اور خدمت خلق کے جذبے سے کام کیا وہ دوسروں کے لئے قابل تقلید مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا جذبہ ہوتو مشکل ، مشکل نہیں رہتی اور پہاڑ جیسے مسائل بھی حل ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رضا کارفورس کو متحرک نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کا احتساب ہو گا تا ہم دیگر صوبوں کے مقابلے میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے پنجاب کی کارکردگی اچھی رہی ہے ، تھائی لینڈ، سری لنکا، ملائیشیا اور انڈونیشیا سے موازنہ کیا جائے تو انسداد ڈینگی کے حوالے سے پنجاب میں شرح اموات ڈبلیو ایچ او کے مقررہ کردہ انڈکس سے نیچے ہے تا ہم ایک بھی انسانی جان کا ضائع ہونا انتہائی افسوسناک امر ہے ۔

اس موقع پر ایم این اے پرویز ملک نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت اور رہنمائی میں انسداد ڈینگی مہم کو آگے بڑھایا ہے۔ شالا مار ٹاؤن میں ٹیم ورک کے ساتھ کام کیا جس کے مثبت نتائج سامنے آئے -وزیر اعلی شہباز شریف نے ہماری حوصلہ افزائی کی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں ۔ وزیر اعلیٰ کی قیادت کے بغیر اس کام کو آگے بڑھانا ممکن نہ تھا- قیادت ہمیں آئندہ بھی جو اہداف دے گی اسے ضرورحاصل کریں گے اور اپنے کام کو بہتر سے بہتر بنائیں گے۔وزیر اعلی نے حوصلہ افزائی کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں ۔