مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی میاں نصیر احمد کا لاہور جنرل ہسپتال کا دورہ ،ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی عیادت

ہفتہ 9 نومبر 2013 21:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8نومبر۔2013ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی میاں نصیر احمد نے لاہور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی عیادت کی ۔ اس موقع پرپرنسپل، ایم ایس ودیگرطبی عملہ بھی موجود تھے ۔میاں نصیر احمد نے کہا کہ ہسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو ادویات وتشخیصی سہولتیں بلامعاوضہ فراہم کی جارہی ہے اوران سہولتوں کی روزانہ کی بنیادپر عوامی نمائندے مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

میڈیکل سپریٹنڈ نٹ نے بتایا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کا ڈیٹا اکٹھاکیا جارہا ہے اورجس علاقہ سے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے ان محلوں میں شہریوں کو ڈینگی سے بچاوٴ کی کٹس مفت فراہم کی جائیں گی۔ممبر صوبائی اسمبلی نے ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کے لئے علاج معالجے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور فرداً فرداً مریضوں کی عیادت کی ۔

(جاری ہے)

میاں نصیر احمد نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی وہ ڈینگی مریضوں کے وارڈ میں صفائی اور سہولیا ت کو مزید بہتر بنائیں او ران کے علاج میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ڈینگی وائرس کے تدارک کے لئے تمام وسائل برؤئے کا ر لا رہی ہے اور بہت جلد اس موذی مچھر کا خاتمہ عوام کی مدد سے ممکن بنا دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے خلاف عوامی نمائندوں نے سماجی شعور بیدارکیاتاہم عوام میں آگاہی مہم جاری ہے۔