اساتذہ درس و تدریس کا فریضہ پوری ایمانداری ،خلوص نیت اور قومی جذبے سے ادا کریں،سراج الحق، حکومت امن و امان کی بہتری کے ساتھ ساتھ تعلیم و صحت اور بلدیات کے شعبوں کو فعال بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،ضلع صوابی کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 9 نومبر 2013 22:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8نومبر۔2013ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے خزانہ اور جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے اساتذہ کرام سے کہا ہے کہ وہ درس و تدریس کا فریضہ پوری ایمانداری ،خلوص نیت اور قومی جذبے سے ادا کریں کیونکہ حکومت انہیں بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع صوابی کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر عبد اللطیف خان کی قیادت میں پشاور میں سینئر وزیر سے ملاقات کی اور اپنے درپیش مسائل و مشکلات سے انہیں آگاہ کیا۔وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت امن و امان کی بہتری کے ساتھ ساتھ تعلیم و صحت اور بلدیات کے شعبوں کو فعال بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں ایسی اصلاحات لا ئی جا رہی ہیں جن کی بدولت عوام ترقی کی جانب نمایاں تبدیلی محسوس کریں گے تاہم انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے حل طلب مسائل کے حل میں کچھ وقت ضرور لگے گا لیکن اس سلسلے میں متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو بھی اپنی ذمہ داریاں قومی جذبے سے نبھاتے ہوئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وفدنے اساتذہ کی اپ گریڈیشن اور بورڈ کے امتحانات کا نظام بہتر بنانے جیسے مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔سراج الحق نے وفد کے مسائل کو انتہائی توجہ سے سنا اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :