علماء کرام اوردینی مدارس کے سینکڑوں طلبا و طالبات نے ڈینگی آگاہی مہم کے لئے اپنی خدمات انتظامیہ کو پیش کر دیں

اتوار 10 نومبر 2013 19:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10نومبر۔2013ء) علماء کرام اوردینی مدارس کے 2سو سے زائد طلبا و طالبات نے ڈینگی آگاہی مہم کے لئے اپنی خدمات انتظامیہ کو پیش کی ہیں -دینی مدارس کے یہ طلبا و طالبات مساجد،گھروں،سکولوں،ہسپتالوں اور کالجوں میں ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کے ہمراہ مل کر ڈینگی آگاہی مہم میں حصہ لیں گے-علمائے کرام نے یہ یقین دہانی ممبر قومی اسمبلی ملک پرویز کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں کرائی۔

اجلاس میں ایم پی اے چوہدری شہباز‘ باؤ اختر علی‘ ممبر بورڈ آف ریونیو طارق محمود خان‘ اے سی شالیمار ٹاؤن عاصم سلیم‘ ٹی ایم او ملک طارق‘ تعلیم القرآن جامع صدیق اکبر‘ جامعہ فاروقیہ‘ کنزالقرآن‘ شاہ شہاب الدین مدارس کے انچارج قاری محمد رمضان‘ محمد لطیف نقشبندی‘ عبدالحمید چشتی‘ محمد عاطف اور محمد حافظ شہزاد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

علمائے کرام نے کہا ہے کہ یہ ایک ایسی عبادت ہے جس میں ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کو بلا خوف و خطر شامل ہونا چاہیے-بعد ازاں باؤ اختر علی‘ چوہدری شہباز احمد‘ طارق محمود خاں‘ ٹی ایم او نے شالیمار باغ اور اس سے ملحقہ قبرستان میں لاورا کی برآمدگی کے لئے تفصیلی دورہ کیا۔

قبرستان میں جانوروں کے پینے کے لئے رکھے گئے پانی کے تمام برتن ہٹایئے گئے جن میں لاروا کی افزائش ممکن ہو سکتی تھی۔ ایم پی اے نے قبرستان انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وضو کے لئے بنائی گئی پانی کی ٹینکیوں اور بیت الخلا میں خصوصی صفائی کے انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے قبرستان میں موجود ہر قسم کی جڑی بوٹیوں کو اپنی موجودگی میں تلف کرایا۔ بعد ازاں وہ شالیمار باغ گئے۔

باغ کے وسط میں قائم مرکزی تالاب میں کئی یوم سے کھڑے پانی کو تبدیل اور اس میں لاروا کھانے والی مچھلیاں چھوڑنے کا حکم دیا۔ انہوں نے باغ میں تفریح کے لئے آئی ہوئی فیملیز میں ڈینگی آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کئے۔ انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ باغ میں آنے والی فیملیز میں پمفلٹس کی تقسیم کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھا جائے۔ انہوں نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ مقامی لوگوں کے تعاون سے کوڑا کرکٹ ہٹانے اور جمع شدہ پانی کے اخراج کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ غفلت‘ لاپرواہی اور غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :