انسداد ڈینگی مہم کو بھر پور طریقے سے جاری رکھا جائے ،کسی بھی عمارت سے ڈینگی لاروا ملنے پر مالک کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے،محمد شہبازشریف ،انسداد ڈینگی مہم میں غفلت یا کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں، انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے منتخب نمائندے اور تمام محکموں کے سربراہان اپنا فعال کردار ادا کریں، انسداد ڈینگی اجلاس سے خطاب

اتوار 10 نومبر 2013 19:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10نومبر۔2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی مہم کو بھر پور طریقے سے جاری رکھا جائے اور کسی بھی عمارت سے ڈینگی لاروا ملنے پر مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے- انسداد ڈینگی مہم میں غفلت یا کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں- لاہور سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کمشنر آفس راولپنڈی میں انسداد ڈینگی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے منتخب نمائندے اور تمام محکموں کے سربراہان اپنا فعال کردار ادا کریں- صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے اوران ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے- انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے ساتھ انسداد پولیو مہم کو بھی بھرپور طریقے سے چلایا جائے اور انسداد پولیو مہم کے دوران منتخب نمائندے اور سرکاری افسران متحرک کردار ادا کریں- مزید برآں منتخب نمائندے،ٹکٹ ہولڈرز اور متعلقہ حکام ہسپتالوں اور گلی محلوں میں خود جا کر انسداد ڈینگی انتظامات کا جائزہ لیں- اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ زیر تعمیر عمارات کی چیکنگ پر خصوصی توجہ دی جائے‘ٹائروں کو کاٹ کر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے اور وفاقی محکموں اور اداروں کے سا تھ قریبی رابطہ رکھا جائے-وزیراعلیٰ نے اس موقع پر انسداد ڈینگی مہم میں کوتاہی اور غفلت کا مظاہرہ کرنے پر ای ڈی او ہیلتھ، ای ڈی او ایجوکیشن اور ڈی او ماحولیات راولپنڈی کو او ایس ڈی بنانے کا حکم دیا- انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لوں گا-اجلاس میں صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور،اراکین اسمبلی، سابق ایم این اے حنیف عباسی ،کمشنر اور ڈی سی او راولپنڈی کے علاوہ متعلقہ حکام نے شرکت کی-

متعلقہ عنوان :