اراکین صوبائی اسمبلی یاسین سوہل اور لبنیٰ فیصل کی قینچی امرسدھو پنڈو دیگر علاقوں میں ڈینگی تدارک سرگرمیاں،لاہور کنٹونمنٹ بورڈ اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی ضلعی انتظامیہ و اینٹی ڈینگی ٹیموں کے ساتھ بھرپور کارروائی،ڈینگی سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے ، صفائی کے اصول اپنا کر ڈینگی کے خطر ے کو کم سے کم کیا جاسکتاہے‘ یاسین سوہل

پیر 11 نومبر 2013 17:06

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11نومبر 2013ء) رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈینگی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کینٹ چوہدری محمد یاسین سوہل اور ایم پی اے لبنیٰ فیصل نے انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی یونین کونسل نمبر 7میں قینچی امرسدھو پنڈو ملحقہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ ، محکمہ صحت اور کنٹونمنٹ بورڈ ز کی ٹیموں کے ہمراہ ڈینگی لارواکے خاتمے اور لوگوں کا شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی سرگرمیوں میں شرکت کی۔

اراکین اسمبلی نے لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے اور صفائی کے اصول اپنا کر ہی ڈینگی کے خطر ے کو کم سے کم کیا جاسکتاہے۔ اراکین اسمبلی نے وحید پارک ، مدینہ چوک ، بھولا پیر دربار ، نیو محلہ ، بلھے شاہ روڈ ، چھوٹا قبرستان، بودی والا قبرستان ،بخاری سٹریٹ،نذ یر پارک اور امین پارک کے علاقوں میں ان ڈور و آؤٹ ڈور سرویلنس ، سپرے و فوگنگ کارروائیوں کی نگرانی کی۔

(جاری ہے)

سی ڈی سی سپروائزر ،سینٹری پٹرولنگ ، لیڈی ہیلتھ ورکرز، چلڈرن ہسپتال کی نرسوں،رضاکاروں، مشین مین اور ٹی ایم اے کے عملے نے ان علاقوں میں اینٹی ڈینگی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر محمد افضل خان بھی ٹیموں کے ہمراہ تھے۔ لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں میں مختلف ٹائر شاپس ، کوڑا کباڑ ، کھانے پینے کی دکانوں اور ہوٹلوں میں ڈینگی لاروا کی نشاندہی کے لیے سروے کیا گیا۔

لاہور کینٹ بورڈ کے علاقوں فتح آباد، حسنین آباد ، خان کالونی، قاسم پورہ اور برج کالونی میں سویپ اپ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ آگاہی کے لیے گھر گھر شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ اور حفاظت تدابیر پر مبنی پملٹس بھی تقسیم کئے گئے ۔اس موقع پر چوہدری محمد یاسین سوہل اور لبنیٰ فیصل نے اینٹی ڈینگی ٹیموں کو تاکید کی کہ وہ باقاعدگی سے سپرے اور سرویلنس سرگرمیاں جاری رکھیں اور ڈینگی لاروا برآمد ہونے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف چالان اور مقدمات درج کروائیں۔