لاہور کے پارکس اور گرین بیلٹس میں ڈینگی بچاؤ کی تدابیر پر عمل درآمد تیز کردیا گیا، فیلڈ سٹاف کو 12نکاتی ڈینگی مکاؤ ہدایت نامہ کے مطابق کام کرنے کا حکم دیا گیاہے‘ ڈائریکٹر کوآرڈینیشن پی ایچ اے

پیر 11 نومبر 2013 17:06

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11نومبر 2013ء) لاہور کے پارکس اور گرین بیلٹس میں ڈینگی بچاؤ کی تدابیر پر عمل درآمد تیز کردیا گیا ۔ فیلڈ سٹاف کو 12نکاتی ڈینگی مکاؤ ہدایت نامہ کے مطابق کام کرنے کا حکم دیا گیاہے ۔ ڈائریکٹر کوآرڈینیشن پی ایچ اے سہیل بھٹی نے بتایا کہ موسم میں تبدیلی کے ساتھ ڈینگی لاروا کی افزائش و پیدائش روکنے کے لیے تمام مالی اور سپروائزر حضرات پہلے سے زیادہ متحرک اور مستحق کردیا گیاہے۔

پی ایچ اے نے پارکس میں پانی کا بے جا استعمال بند کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مچھر کو افزائش کا موقع نہ مل سکے۔ نلکوں اور گاڑیوں میں پانی بھرنے والے مقامات پر لیکیج روکنے کے لیے روزانہ چیکنگ کی جاری ہے تمام فواروں کو پانی نکال کر خشک کردیا گیاہے اور بارش کی صورت میں پانی کو فوراً صاف کردیا جاتاہے۔

(جاری ہے)

دفاتر میں کئی ماہ سے لاگو روم کولرکے استعمال پر پابندی ہے۔

گاڑیوں کے ناکارہ ٹائر اور دیگر ایسا سامان جس میں پانی ٹھہرنے کا اندیشہ ہو اسے فوری طور پر ہٹا دیا جاتا ہے ۔ سیر کے لیے آنے والے شہریوں کو پورے بازو کی شرٹ اور جرابیں وغیرہ پہنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ تمام پارکس میں صفائی کا خصوصی اہتمام کیا جاتاہے۔ خاص طور پر کنٹین وغیرہ میں کوڑے دان کو فوری طور پر صاف کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خاص طور پرجن درختوں میں سوراخ ہویا پانی ٹھہرنے کا احتمال ہو وہاں ریت ڈال کر سراخ بند کردئیے جاتے ہیں ۔

نرسریوں میں خالی گملے الٹے رکھے جاتے ہیں اور پودے والے گملے میں پانی اتنا ڈالا جاتاہے جو فوری طور پر جذب ہوجائے۔ کھڑے پانی کے ذخائر میں لاروا ختم کرنے والی دوائی ڈالی جارہی ہے ، پودے اور گھاس پر کیڑے مار سپرے بھی کیا جاتاہے ، گھاس اور پودوں کی کٹائی ہفتہ میں ایک بار ضرور کی جاتی ہے تاکہ نمی میں ڈینگی کو افزائش کا موقع نہ ملے۔ ڈائریکٹر پی ایچ اے نے کہا کہ ڈینگی سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے صفائی اور پانی کو خشک رکھ کر ڈینگی کے خطرات سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :