انسداد ڈینگی مہم میں منتخب نمائندوں او ر سرکاری افسران کی کوتاہی یا غفلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، شہبازشریف،ڈینگی کو کنٹرول کر نے میں حکومت کیساتھ عوام کا کردار بھی بے حد اہمیت کا حامل ہے ، گھروں ،اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،انسداد ڈینگی ریگولیشن پر عملدرآمد نہ کرنیوالی ٹائرشاپس کوسربمہر کر دیا جائے،ویکٹر سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے ، سپرے اور فوگنگ جاری رکھی جائے،تعلیمی ادارو ں میں صفائی کے انتظامات کو بہتربنایا جائے،منتخب نمائندے چھوٹے گروپس بنا کر ہسپتالوں میں انتظامات کا جائزہ لینے کیساتھ گلیوں اور محلوں کا دورہ کریں، وزیر اعلیٰ پنجاب کا لاہور سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے راولپنڈی میں انسداد ڈینگی اقدامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب

پیر 11 نومبر 2013 19:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11نومبر۔2013ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کا کرداربھی بے حد اہمیت کا حامل ہے ، گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر ڈینگی کا سد باب کیا جا سکتا ہے، انسداد ڈینگی ریگولیشن پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایسی ٹائرشاپس جہاں ان ہدایات پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا انہیں سربمہر کر دیا جائے ۔

وہ سوموار کے روز لاہور سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال اور تدارک کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اجلا س میں صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور، منتخب نمائندوں، کمشنر و ڈی سی او راولپنڈی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ویڈیوکانفرنس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے سد باب کے لئے پوری مشینری سرگرم عمل ہے اور منتخب نمائندوں کا کردار بھی اس ضمن میں قابل ستائش ہے ۔

دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈینگی کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کا رلائے جا رہے ہیں اور جنگی بنیادوں پر اس کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ گزشتہ برس منتخب نمائندوں ، متعلقہ محکموں ، ڈاکٹروں ،نرسوں اورماہرین کی کاوشوں کی بناء پر ڈینگی سے ایک بھی ہلاکت نہیں ہوئی تا ہم امسال دوبارہ اس وبا نے سر اٹھایا ہے اور حکومت پنجاب نے موجودہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں جس سے صورتحال میں بہتر ی واقع ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کو پہلے بھی شکست دی اب بھی دیں گے اور اس کے مستقل خاتمے تک یہ جنگ لڑتے رہیں گے۔انہوں نے اینٹامالوجسٹس کو مستقل بنیادوں پر بھرتی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ویکٹر سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے اور گھروں میں سپرے اور فوگنگ کے عمل کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی ادارو ں میں بھی صفائی کے انتظامات کو بہتربنایا جائے۔

وزیر اعلی نے راولپنڈی میں صفائی کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلے مقامات سے کوڑا کرکٹ فی الفور اٹھایا جائے ، نالہ لئی کے اطراف سے مویشیوں کے باڑوں کو فوری طور پرمنتقل کیا جائے۔منتخب نمائندے چھوٹے چھوٹے گروپس بنا کر ہسپتالوں میں مریضوں کی عیادت اورانتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ گلیوں اور محلوں کا دورہ کریں اور یہاں صفائی کے لئے کئے گئے اقدامات کی پڑتال کریں ۔

انہوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں عوام کے دکھ درد بانٹنا منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے اور عوام نے ہمیں اسی لئے منتخب کیا ہے کہ ان کے مسائل حل ہوں۔انہوں نے منتخب نمائندو ں اور انتظامیہ کوگوجرخان کا دورہ کرنے اور اس ضمن میں جامع رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعلی نے واضح کیا کہ انسداد ڈینگی مہم میں منتخب نمائندوں، سرکاری محکموں اور افسران کی کوتاہی یا غفلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر راولپنڈی ساجد ظفر نے انسداد ڈینگی کے لئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔