گاجر میں وٹامن اے، بی اور ای کا بھرپور خزانہ ہے ‘ جلد اور چھاتی کے کینسر کیلئے مفید ہے‘ حکماء

منگل 12 نومبر 2013 16:24

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12نومبر 2013ء) تر گرم تاثیر کی حامل گاجر میں وٹامن ای کا بھر پور خزانہ ہونے کے ساتھ ساتھ اس کا جوس تولیدی صحت، کئی اقسام کے کینسر، امراض جگر کیلئے بہت مفید ہے، اسکے علاوہ اس کا استعمال نظر اور دل کیلئے بھی زود اثر ہے، اسکے اندر پائے جانے والے فائبر انسانی صحت کیلئے بہت مفید ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ادارہ تحقیقات طبیہ رجسٹرڈ پاکستان کے زیر اہتمام فرحت دواخانہ المدینہ روڈ لاہور میں منعقدہ مجلس مذاکرہ ”گاجر اور انسانی صحت“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر حکیم سید عمران فیاض، حکیم سید عارف رحیم، حکیم محمد افضل میو، حکیم غلام فرید میرنے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گاجر کا رنگ جتنا گہرا ہو گا اس میں کیروٹین بھی اتنا زیادہ ہو گا۔

(جاری ہے)

گاجر کا جوس کئی اقسام کے کینسر، جیسے جلد اور چھاتی کا کینسر وغیرہ کو روکنے میں مدد کرتا ہے۔ کیروٹین کی موجودگی کی وجہ سے گاجر کے جوس میں ایسے مادے پائے جاتے ہیں جو کینسر کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتے ہیں اور کینسر سے لڑتے ہیں۔ گاجر کا جوس جسم کو وٹامن اے، بی اور ای کے علاوہ کئی قسم کے وٹامن مہیا کرتا ہے۔

گاجر کا جوس قبل از وقت زچگی خواتین کو کئی فوائد پہنچاتا ہے۔ گاجر بصارت، ہڈیوں اور دانتوں کی کمزوری، امراض جگر، ناخنو ں، جلد اور بالوں کیلئے بہت مفید ہے۔ اس کا جوس یا مربہ انسانی صحت کیلئے کارآمد ہے۔شوگر کے مریض اس کا جوس استعمال کرنے سے پہلے اپنے معالج سے ضرور مشورہ کریں کیونکہ اس میں چینی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔