پاکستان کی حکومت یا نجی شعبہ سری لنکا میں شوگر ملز لگا سکتے ہیں ، وزیر اعظم نواز شریف ،دو طرفہ تجارت کے حجم کو اگلے چند سالوں میں 460 ملین ڈالر سے ایک ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا ،پاکستانی ہائی کمیشن کا بیان

ہفتہ 16 نومبر 2013 18:31

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16نومبر۔2013ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت تمام پاکستانیوں کو مساوی مواقع کی فراہمی کے ذریعے پائیدار اور مجموعی ترقی کی طویل المدتی حکمت عملی پر کاربند ہے۔ وہ جمعہ کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس کے پہلے ایگزیکٹو سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا بالخصوص دولت مشترکہ کے ممالک کو منصفانہ ترقی کا انتہائی اہم چیلنج درپیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیں کمزور معیشت، غربت، توانائی کی شدید قلت، قدرتی آفات اور بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کو ان مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وہ ان سے فوری اور بیک وقت نمٹنے کے لئے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی امنگوں اور تحریک نے پاکستان کو نئے اور روشن مستقبل کی طرف لے جانے کے ان کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف نے دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے برطانیہ کے شہزادہ چارلس کی جانب سے دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے مخصوص گروپ کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔ وہ شہزادہ چارلس کی جانب سے تمام سربراہان حکومت کے اعزاز میں دیئے جانے والے عشائیہ میں بھی شرکت کریں گے۔