ڈی سی او قصورنے بچوں کو قطرے پلا کر تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا،پولیو مہم کے دوران 5لاکھ19ہزار 81بچوں کو قطرے پلائے جائینگے ‘ڈی سی او سید جاوید اقبال بخاری

ہفتہ 16 نومبر 2013 19:14

قصور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16نومبر۔2013ء) ڈی سی او قصور سید جاوید اقبال بخاری نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔ اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ذوالفقار علی بھنگو ‘ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر انجم جمال ‘ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شفیق احمد رانا ‘ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر پولیو ڈاکٹر محمد خالد‘ڈی ایم ایس ڈاکٹر ضوان صادق ‘ڈپٹی نرسنگ سپریٹنڈنٹ مسرت مجید ‘لیگی رہنما افضال حسین زین ‘معززین شہر‘میڈیا کے نمائندوں اوردیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او قصور نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تین روزہ انسداد پولیو مہم 18نومبر سے شروع ہو رہی ہے جو 20 نومبر2013تک جاری رہے گی اس مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 5لاکھ 19ہزار81بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے جس کیلئے 1124پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 966موبائل ٹیمیں ‘118فکسڈ اور 40ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں ۔ ڈی سی او قصور سید جاوید اقبا ل بخاری نے کہا کہ پولیو کے خلاف شروع ہونیوالی مہم کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں اورضلعی انتظامیہ محکمہ صحت کے ساتھ ملکر اس مہم کو کا میاب بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریگی ۔

متعلقہ عنوان :