خواجہ سلمان رفیق کا اندرون لاہور کا دورہ،پولیو قطرے پلانے والی ٹیموں کی کارکردگی کاجائزہ لیا،مشیروزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت نے اہل محلہ سے ان کے گھروں میں ٹیموں کے آنے کی تصدیق کی

منگل 19 نومبر 2013 22:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19نومبر۔2013ء) مشیروزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے لاہور میں جاری تین روزہ انسداد پولیو مہم کا جائزہ لینے کے لئے اندرون لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے علاقے میں بچوں کوپولیو ویکسئین کے قطرے پلانے والی ٹیموں کی مانیٹرنگ کی اور اہل محلہ سے ان کے گھروں میں پولیو ویکسئین کے قطرے پلانے والی ٹیموں کی آمد کی تصدیق کی۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے بھاٹی،لوہاری اور موری گیٹ کے علاقوں کی گلیوں میں جا کربچوں کو پولیو قطرے پلانے میں مصروف ٹیموں سے بات چیت کی اور ان سے مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے ویکسینیشن ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچے ہم سب کا مستقبل ہیں اور ان کو معذوری سے بچانے کے لئے پولیو کے قطرے پلانا والدین کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے ویکسینیشن ٹیموں میں شامل لیڈی ہیلتھ ورکرزسے کہا کہ وہ بچوں کو پولیو ویکسئین کے قطرے پلا کرایک اہم قومی فریضہ سر انجام دے رہی ہیں۔اس موقع پرای ڈی اوصحت لاہور ڈکٹر ذوالفقار علی اور ڈی ڈی او صحت ڈاکٹر شہباز بھی خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ تھے۔