ڈینگی سے ڈرنے کی بجائے اس کے خاتمے کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے‘چوہدری گلزار ،صحت مند ماحول کیلئے ڈینگی پر قابو پاناہم سب کا باہمی فریضہ ہے‘ ممبرصوبائی اسمبلی کا رائیونڈ میں خطاب

بدھ 20 نومبر 2013 16:03

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20نومبر 2013ء) ممبرصوبائی اسمبلی چوہدری گلزار نے کہا ہے کہ ڈینگی سے ڈرنے کی بجائے اس کے خاتمے کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے‘صحت مند ماحول کے لیے ڈینگی پر قابو پاناہم سب کا باہمی فریضہ ہے۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے رائے ونڈ کے علاقے میں ڈینگی کے خلاف عوامی آگاہی اور شعور کے سلسلے میں اہل علاقہ سے خطاب میں کیا۔

ایم پی اے چوہدری گلزارنے اس موقع پر لٹریچراور پمفلٹس بھی تقسیم کئے اور رائے ونڈ کے مختلف علاقوں میں اپنی نگرانی میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے سپرے اور فوگنگ بھی کروائی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر لبیک کہتے ہوئے ڈینگی کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے اور آپ لوگوں کے بھرپور تعاون سے انسداد ڈینگی مہم کو کامیاب کر کے ہی دم لیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے گھروں ، محلوں، گلیوں اور دیگر مقامات پر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں اور کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی پرورش نہ پا سکے اور ہم سب صحت مند زندگی گزاریں ۔انہوں نے کہا کہ ویسے بھی یہ حقیقت ہے کہ پرہیز علاج سے بہتر ہے تو ہمیں بھی ڈینگی کو پھیلنے سے پہلے ہی اس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونا چاہیے تاکہ اس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی کے خلاف اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ جات اور عوام کے درمیان موثر رابطوں سے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنی آنکھیں کھلی رکھنا ہوگی اور جہاں کئی بھی پانی جمع ہوا نظر آئے یا گندگی ہو اسے پہلے ہمیں خود ختم کرنا چاہیے اور اگر یہ آپ کی پہنچ سے باہر تو متعلقہ ٹاؤن کے ذمہ دار افسران اور اہلکاران کوبروقت آگا ہ کیا جائے کیونکہ بروقت اقدامات سے ڈینگی مچھرکی پرورش کو روکا جاسکتا ہے اور اس سلسلے میں ہم سب کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔