دماغی امراض کے اداروں/ ہسپتال کے لئے ہر ممکن فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے ‘ صوبائی وزیر خزانہ ` سماجی خدمت کیلئے وقت اور سرمایہ وقف کرنیوالے مخیرحضرات معاشرے کا اثاثہ ہیں ،حکومت ہمیشہ ایسے افراد ،اداروں کی حوصلہ افزائی کریگی`حکومت خطرناک‘ پیچیدہ اور ذہنی بیماریوں کے علاج کیلئے جدید ،معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

جمعہ 22 نومبر 2013 18:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22نومبر۔2013ء)وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ دماغی امراض کے اداروں/ ہسپتال کے لئے ہر ممکن فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے ‘ سماجی خدمت کے لئے وقت اور سرمایہ وقف کرنے والے مخیرحضرات معاشرے کا اثاثہ ہیں اور حکومت ہمیشہ ایسے افراد اور اداروں کی حوصلہ افزائی کرے گی‘ موجودہ حکومت خطرناک‘ پیچیدہ اور ذہنی بیماریوں کے علاج کے لئے جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔

غیر سرکاری فلاحی تنظیم کے وفد سے ملاقات کے دوران مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ معاشرے کو دماغی امراض میں مبتلا مریضوں کا خیال رکھنا چاہیے کیونکہ ایسے افراد اپنا خود خیال نہیں رکھ سکتے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ہمیں اپنے مذہب سے راہنمائی اور ثقافتی روایات پر عمل کرتے ہوئے مشترکہ خاندانی نظام کو فروغ دینا چاہیے تاکہ ایسے مریضوں کا گھر کے دوسرے افراد خیال رکھ سکیں ۔

(جاری ہے)

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں ترقیاتی سکیمیں شروع کرنے کے لئے 17 ارب روپے کی کثیر رقم فراہم کی گئی ہے تاکہ ایسے منصوبوں کے ذریعے عوام کو علاج ومعالجہ کی معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ کم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے 7ارب 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران صحت کے لیے 102ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے 7ارب 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امراض گردہ میں مبتلاغریب مریضوں کو مفت ڈائیلاسسز کے لئے 30 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں جبکہ ضلعی وتحصیل سطح پر بلامعاوضہ ادویات کی فراہمی کے لئے 50 کروڑ روپے کی رقم مہیا کی گئی ہے۔