ایم پی اے یاسین سوہل کا اینٹی ڈینگی ریگولیشن پر عملدرآمد نہ کرنے ،صفائی کی ناقص صورتحال پر بعض تجارتی مراکز کو نوٹس جاری کرنے کے حکم ،حکومت پنجاب ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ،معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا‘یاسین سوہل

ہفتہ 23 نومبر 2013 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23نومبر 2013ء) ایم پی اے یاسین سوہل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ڈینگی کے تدارک کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور معاشرے کے ہر فرد کو اس وائرس کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا‘گھروں ،سکولوں اور معاشرے میں ڈینگی کے خاتمے کے حوالے سے طالبات کا کردارنہایت اہم ہے کیونکہ گھروں میں صفائی کی ذمہ داری خواتین کے حصے میں آتی ہے، چنانچہ طالبات صفائی کے اصولوں کو اپنا کر اور اپنے اہل خانہ کو ڈینگی سے بچاوٴ کی حفاظتی تدابیر سے آگاہ رکھ کر اس مرض سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شوکت ٹاوٴن کینٹ اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چرڑ گاوٴں ڈی ایچ اے میں انسداد ڈینگی سیمینارز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شوکت ٹاوٴن مسز شاہین،پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چرڑ گاوٴں سمعیہ خانم،محکمہ تعلیم وصحت کے افسران اور ماہرحشرات نے بھی سیمینارز سے خطاب کیا اور طالبات کو صفائی کی افادیت اور ڈینگی سے بچنے کے طریقوں سے آگاہ کیا۔

ایم پی اے یاسین سوہل نے انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں نادرآباد، میاں میرکالونی،شوکت ٹاوٴن،مدینہ کالونی ،والٹن اورصدر کے مختلف علاقو ں میں اینٹی ڈینگی ٹیموں کے ہمراہ انڈور اور آوٴٹ ڈور سرویلنس،سپرے اورفوگنگ کی ۔انہوں نے اینٹی ڈینگی ریگولیشن پر عملدرآمد نہ کرنے اورصفائی کی ناقص صورتحال پر بعض تجارتی مراکز کو نوٹس جاری کرنے کے احکامات بھی صادر کیے۔

یاسین سوہل نے کنٹونمنٹ فری ڈسپنسری نادرآباد کی دوبارہ چیکنگ کر کے وہاں ہونے والی صفائی کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز ایم پی اے یاسین سوہل نے اس ڈسپنسری میں صفائی کی ابتر صورتحال پر انچارج ڈاکٹر مریم اور منسلک ڈسپوزل سینیٹشن سنٹرز انچارج یونس کو نوٹسز جاری کیے تھے ۔اس موقع پر ڈی ڈی او ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر افضل خان ،لاہور کنٹونمنٹ بورڈاور والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے علاوہ ٹی ایم اے کینٹ کی انسداد ڈینگی ٹیم کے ارکان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔