علماء کرام مساجدمیں نمازیوں اور دینی تعلیم حاصل کرنیوالے طلبا و طالبات کے ذریعے ڈینگی آگاہی مہم میں اپنا کردار ادا کریں‘ ملک تنویر اسلم اعوان ،پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں خصوصی ڈینگی وارڈز قائم کئے جاچکے ہیں جہاں آنیوالے تمام مریضوں کا علاج مفت کیا جاتا ہے،صوبائی وزیر ہاؤسنگ ، تعمیرات و مواصلات کا اپنے دفتر میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام سے خطاب

اتوار 24 نومبر 2013 21:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24نومبر۔2013ء) صوبائی وزیر ہاؤسنگ ، تعمیرات و مواصلات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا ہے کہ علماء کرام مساجدمیں نمازیوں اور دینی تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے ذریعے ڈینگی آگاہی مہم میں اپنا کردار ادا کریں، اگر ان کی تھوڑی سی محنت اور آگاہی سے کسی کی جان بچ جائے تو امت پر ایک بڑا احسان ہوگا‘ دینی اسلامی درسگاہیں معاشرے میں اپنی ایک الگ پہچان اور اہمیت رکھتی ہیں ان کی انتظامیہ کے ساتھ انسداد ڈینگی مہم میں شمولیت سے بھرپور مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور ماتحت عملہ دن رات انسداد ڈینگی کے لئے کام کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں خصوصی ڈینگی وارڈز قاوم کئے جاچکے ہیں جہاں آنے والے تمام مریضوں کا علاج بالکل مفت کیا جاتا ہے۔

بروقت علاج سے سینکڑوں مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جاچکے ہیں اگر کسی ہسپتال سے کوئی شکایت موصول ہو تو فوری طور پر اس کے ازالے کے لئے مقرر کی گئی خصوصی ڈینگی سکواڈ کی ٹیمیں کارروائی کرتی ہیں۔ انہوں نے علماء کرام سے کہا کہ ڈینگی حفاظتی پیشگی اقدامات سے ہم قیمتی جانوں کو بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دینی مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کی ذرا سی توجہ سے خاطر خواہ مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

پنجاب کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے علماء کرام نے صوبائی وزیر کو یقین دلایا کہ وہ اس کار خیر میں حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ چلیں گے اور کسی سیاسی یا مذہبی رواداری کے بغیر ڈینگی مہم میں عبادت سمجھ کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ان کے مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات اپنے اپنے علاقوں میں کل سے ہی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مہم میں شامل ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :