غیرسرکاری اداروں کے اشتراک سے سماجی بھلائی کے عمل کو تقویت مل سکتی ہے‘ صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال ،سماجی بھلائی کے عمل میں خواتین کو آگے لانا ہوگا تاکہ انسانی فلاح پر مبنی معاشرہ کی جدوجہد میں پوری قوم شریک ہوسکے‘سید ہارون سلطان بخاری

پیر 25 نومبر 2013 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25نومبر۔2013ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید ہارون سلطان بخاری نے کہا ہے کہ سماجی بھلائی اور انسانی فلاح پر مبنی معاشرہ قائم کرنے میں محکمہ سماجی بہبود کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس حوالے سے محکمہ سماجی بہبود کے افسران و فیلڈ سٹاف سماجی بھلائی کے غیر سرکاری اداروں کے اشتراک سے ایک ایسا منظم اور جامع لائحہ عمل تشکیل دیں جس سے معاشرے میں سماجی بھلائی کے عمل کو مزید تقویت ملے اور غربت میں کمی آئے‘ سماجی بھلائی کے عمل میں خواتین کو آگے لانا ہوگا تاکہ انسانی فلاح پر مبنی معاشرے کی جدوجہد میں پوری قوم یکساں طور پر شریک ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود کے کمیٹی روم میں محکمانہ بریفنگ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال فہمیدہ مشتاق ، ڈی جی سوشل ویلفیئر ، ڈائریکٹر ایڈمن سوشل ویلفیئر، ڈائریکٹر پلاننگ سوشل ویلفیئر کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔ بریفنگ کے دوران صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود اپنی نوعیت کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، حکومت کی کوشش ہے کہ اس محکمہ کو سماجی بھلائی کے لئے بھرپور فنڈز مہیا کئے جائیں۔

بریفنگ کے دوران صوبائی وزیر نے ڈی جی سوشل ویلفیئر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اضلاع میں موجود دفاتر کا 2012-13کا انٹرن آڈٹ کروایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر چلنے والی ڈینگی مہم کو فعال بنانے کے لئے بڑے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کو اس مہم کا حصہ بنایا جائے تاکہ یہ بچے بہتر طریقہ سے ڈینگی تدارک مہم کو چلا سکیں اور لوگوں میں ڈینگی آگہی پیدا ہو۔ انہوں نے ڈی جی سوشل ویلفیئر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل ویلفیئر ٹریننگ کمپلیکس میں قائم اداروں کا بالترتیب دورہ کریں گے۔