ہسپتالوں اور نجی کلینکس میں ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں،شوکت یوسفزئی، ہسپتالوں کے لئے بنائی جانے والی پی سی ون میں سکیورٹی فراہم کرنے کو ترجیح دی جائیگی، ہسپتالوں کے حالات زار کو بہتر بنانے کیلئے تحیصل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کو خود مختاری دینگے، وزیر صحت خیبرپختونخوا

پیر 25 نومبر 2013 22:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25نومبر۔2013ء) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے ڈاکٹروں کو یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت ہسپتالوں اور نجی کلینکس میں انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور ہسپتالوں کے لئے بنائی جانے والی پی سی ون میں سکیورٹی فراہم کرنے کو ترجیح دی جائے گی ۔ ہسپتالوں کے حالات زار کو بہتر بنانے کے لئے تحیصل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کو خود مختاری دی جائے گی تاکہ ہسپتالوں کی ضروریات کے مسائل کا حل ممکن ہو سکے اور دکھی انسانیت کی حقیقی معنوں میں خدمت کے لئے قابل ترین ڈاکٹروں اور عملے کی دستیابی ہو سکے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کے روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ڈاکٹروں کے تحفظ کے بارے میں منعقد ہونیو الے ” سکیورٹی فار ڈاکٹرز“ کی کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ ڈاکٹروں کی تشویش دور کرنے کے لئے پرائیویٹ ہسپتالوں میں سکیورٹی کے انتظامات بہتر بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر کو ایک سمری بھیجیں گے تاکہ ایسے نجی ہسپتال جن میں سکیورٹی کا انتظام نہیں انہیں بند کیا جائے ۔

انہو ں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پشاور کے بڑے ہسپتالوں میں سکیورٹی سسٹم کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائیں اور اس سلسلے میں نجی سکیورٹی اداروں کی خدمات حاصل کریں ۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پشاور میں دو جی ایس ایم لوکیٹرز (G.S.M Locators)بھی نصب کئے جائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کے تحفظ کے لئے ڈبگری گارڈن پشاور میں سکیورٹی بھی بڑھائی جائے گی ۔

انہو ں نے کہا کہ گزشتہ 60سالوں میں طبی شعبے سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود پر کسی حکومت نے توجہ نہیں دی مگر پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اپنے وعدوں کے مطابق جلد ہی ڈاکٹروں کے سروس سٹرکچر کا معاملہ حل کرے گی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سکیورٹی نظام موثر بنانے کے لئے ڈھائی ہزارکی تربیت یافتہ انسداد دہشت گردی فورس کی بھرتی کی جا رہی ہے تاکہ سکیورٹی کا انتظام مزید بہتر ہو اور عوام کی جان ومال کا تحفظ یقینی ہو سکے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پشاور میں نیا ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل کالج بنائی جایا گاجبکہ پیرا میڈیکل سٹاف کی تعلیم و تربیت کے لئے قائم ہونے والے ادارے کا نام بھی ذوالفقار علی بھٹو پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ رکھا جائے گا ۔کانفرنس سے سی سی پی او پشاور اعجاز احمد ، ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کے پروفیسر ڈاکٹر وقار عالم خان ، ہیلتھ ایمپلائزکوارڈینیشن کونسل کے صوبائی صدر ڈاکٹر موسیٰ کلیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ( وائی ڈی اے ) ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن اور پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی شریک تھے ۔

متعلقہ عنوان :