وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر کیبنٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس،کمیٹی نے صحت عامہ ہائیڈروالیکٹرک بورڈ کے 9 ارب 59 کروڑ 60 لاکھ روپے کے4منصوبوں کی منظوری دیدی ،اجلاس میں منظور قرارداد میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرو ل پرمجوزہ دیوار بندی کے اقدامات کی شدید مذمت ،وزیراعظم آزاد کشمیر کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کی مشاورت سے بھارتی اقدام پر احتجاج کی کال دینے کا فیصلہ

پیر 25 نومبر 2013 23:04

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25نومبر۔2013ء) آزاد جموں وکشمیر کیبنٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے صحت عامہ ہائیڈروالیکٹرک بورڈ کے 9 ارب 59 کروڑ 60 لاکھ روپے کے4منصوبوں کی منظوری دے دی ہے ۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے آزاد جموں وکشمیر کیبنٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں وزراء حکومت ،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ،سیکرٹری مالیات اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اجلاس میں صحت عامہ کے 2منصوبے جن کے تحت محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج میرپور کی تعمیر کے لیے 138.040ملین روپے جبکہ پونچھ میڈیکل کالج ریڈیالوجی کے لیے پوسٹ آف پروفیسرز کے لیے 154.723 ملین روپے، جبکہ ہائیڈروالیکٹرک بورڈ کے 2منصوبہ جات جن کے تحت 4.8میگاواٹ لیفٹ اوور ورک Battar اور (Dhanan) ہائیڈرو پراجیکٹ کے 330.29.ملین روپے اور Shounterہائیڈروپاور پراجیکٹ ضلع نیلم10483.939ملین روپے کی لاگت سے تعمیر شامل ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ تمام جاریہ منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔منصوبوں پر کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔تمام ادارے ٹائم فریم کے اندر منصوبہ جات کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ سی ڈی پی سمیت تمام منصوبے مکمل کیے جائیں گے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے تعمیر وترقی کے لیے جو میکانیزم اختیار کررکھا ہے اس سے آزادکشمیر کے عوام کو بلا تخصیص تمام جدید سہولتیں میسر ہوسکیں گی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے ترقیاتی محکمہ جات کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے مانیٹرنگ سسٹم کو موثر بنایا جائے اور فنانشل ڈسپلن قائم رکھتے ہوئے تمام منصوبوں کی تکمیل کی جائے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کی صدارت میں آزاد کشمیر کابینہ کی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس میں درجہ ذیل قراردادوں کی منظوری دی گئی قرارداد میں بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرو ل پرمجوزہ دیوار بندی کے اقدامات کی شدید مذمت کی گئی ۔ایک اورقراداد میں کہا گیا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کی مشاورت سے بھارت کے اس اقدام پر احتجاج کی کال دی جائے گی اور دنیا بھر میں آباد کشمیری بھارت کے اس اقدام کے خلاف مظاہرہ کریں گے۔

قرار داد میں کہاگیا کہ 94ہزار مربع میل پر مشتمل ریا ست جموں وکشمیر ناقابل تقسیم وحد ت ہے۔بھارت کی طرف سے یوار بندی کی کوشش تقسیم کشمیر کی سازش ہے کشمیری عوام تقسیم کشمیر کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔قرارداد میں کہا گیا کہ کشمیری عوام لائن آف کنٹرول پر بھارتی دیوار بندی کی مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو تقسیم کرنے والی خونی لکیر ختم ہو کر رہے گی اور کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر جراء ت مندانہ موقف اختیار کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور آزادکشمیر کی تعمیر وترقی اور عوامی خوشحالی میں گہری دلچسپی لینے اور ائیرپورٹ سمیت دیگر منصوبہ جات کی مالیاتی منظوری دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔اجلاس میں او آئی سی کے حالیہ دورہ آزاد کشمیر کے دوران وفد کی کشمیر کاز کی بھرپور حمایت کے اعادے پر او آئی سی ممالک کا شکریہ ادا کیا گیا اور کہاگیا کہ اوآئی سی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جو دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر بھارت کی مذمت کی اس پر اہل کشمیر او آئی سی ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔۔