ڈینگی جیسے قومی ایشوز پر ذاتی و سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی‘ راجہ اشفاق سرور،حکومت پنجاب محکمہ لیبر کے زیراہتمام فیکٹری ورکرز اور مزدوروں کو ڈینگی سے بچانے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے، صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل

منگل 26 نومبر 2013 18:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26نومبر۔2013ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے ادارہ پنجاب سوشل سیکورٹی کے ہیڈ آفس میں ادارہ کے کم تنخواہ دار ملازمین میں ڈینگی کٹس تقسیم کی۔اس موقع پر سیکرٹری لیبر کیپٹن(ر) محمد یوسف ، کمشنر سوشل سیکورٹی فرحان عزیز خواجہ، وائس کمشنر شاہد عادل اور ڈائریکٹر ایڈمن سلمان علی کے علاوہ خیبرپختونخواہ سوشل سیکورٹی کے وفد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ساتھ ساتھ ادارہ سوشل سیکورٹی نے بھی ڈینگی وباء کے خاتمہ کے لئے بھرپور کوششیں کی ہیں اور امید ہے کہ ڈینگی کے خلاف مسلسل جدوجہد اور اقدامات کے نتیجہ میں انشاء اللہ اگلے سال یہ وباء نہ ہونے کے برابر ہوگی۔

(جاری ہے)

ڈینگی جیسے قومی ایشوز پر ذاتی و سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

حکومت پنجاب محکمہ لیبر کے زیراہتمام فیکٹری ورکرز اور مزدوروں کو ڈینگی سے بچانے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ سوشل سیکورٹی کے ہسپتالوں اور صحت مراکز میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات دی جارہی ہیں جبکہ صوبہ بھر کی لیبر کالونیوں میں باقاعدگی سے سپرے ، فوگنگ اور صفائی کروائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے لاہور اور راولپنڈی کے اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے تاہم وزیراعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں بروقت اورجنگی بنیادوں پر اقدامات کی وجہ سے اس وائرس پرکافی حد تک قابوپالیا گیا ہے تاہم موسمی تبدیلی کی وجہ سے ڈینگی مچھر اب گھروں کے اندر چھپ گیا ہے اور ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور پانی کھڑا نہ ہونے دیں تاکہ اس موذی مرض سے بچا جاسکے۔

کمشنر سوشل سیکورٹی فرحان عزیز خواجہ نے ڈینگی کے خاتمہ کے حوالے سے ادارہ سوشل سیکورٹی کے اقدامات کے بارے میں بریف کیا اور کہا کہ کم تنخواہ دار ملازمین میں ڈینگی کٹس کی تقسیم پنجاب بھر کے سوشل سیکورٹی کے ملازمین میں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ادارہ کے 6ملازمین جو کہ ڈینگی بخار کا شکار ہوئے تھے بروقتت علاج معالجہ کے بعد مکمل صحت یاب ہیں۔ ڈینگی کٹس کی فراہمی کا فیصلہ بھی اسی لئے کیا گیا ہے کہ ادارہ کے کم تنخواہ دار ملازمین کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ بھی اس موذی مرض سے محفوظ رہیں۔تقریب میں ہیڈ آفس کے جملہ افسران و ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور کم تنخواہ دار طبقے میں ڈینگی کٹس کی فراہمی کے فیصلے کی بھرپور تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :