چیئر مین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری کی سویڈن کے سفیر سے ملاقات، پاکستان سویڈن کے ساتھ دوستی اور دوطرفہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ،نیئرحسین بخاری

منگل 26 نومبر 2013 20:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26نومبر۔2013ء) چیئر مین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے کہاہے کہ پاکستان سویڈن کے ساتھ دوستی اور دوطرفہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی وفود کا تبادلہ چاہتا ہے ۔یہ بات انہوں نے سویڈن کے سفیر مسٹر لارس مالمار سے ملاقات کے دوران کہیں جو اسلام آباد میں مدت پوری ہونے پر الوداعی ملاقات کیلئے آئے تھے۔

چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ سویڈن کی تین بڑی کمپنیاں پاکستان میں کامیابی سے بزنس کر رہی ہیں جبکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں بالخصوص انرجی کے شعبہ خصوصاً ونڈ ملز پر سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے جبکہ دو طر فہ تجارت کو فروغ دینے کی گنجائش موجو د ہے پاکستان میں دنیا کے بہترین چاول اور آم پیدا ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

سویڈیش سفیر نے کہا کہ اگلے سال سرمایہ کاروں کا ایک بڑا وفد پاکستان کا دورہ کرئے گا وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول ساز گار ہے وہ سویڈن کی بزنس کمیونٹی کو اپنے تاثرات سے آگاہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ثقافتی سطح پر بھی وفود کے تبادلے ہونے چاہیں ۔پاکستان ہینڈی کرافٹ سے وہ متاثر ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن سے منتخب ہونے والی حکومت سے جمہوریت مضبوط ہوئی ہے اور پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے ۔ جہاں تک دہشت گردی کا تعلق ہے یہ عالمی مسئلہ ہے پاکستان اس مسئلے سے نبر د آزما ہے۔چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان مستحکم افغانستان چاہتا ہے افغانستان میں استحکام درحقیقت پاکستان کے مفاد میں ہے اگر چہ پاکستان کو دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے مشکلات کا سامنا ہے تاہم پاکستان دہشت گردی کی جنگ میں فرنٹ لائن پر قربانیاں دے رہا ہے ۔انہوں نے واپس جانے والے سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :