سائرہ تارڑ کا دوسرے روز بھی پولیو مہم کے سلسلہ میں اسلام آباد کے نواحی علاقوں کا اچانک دورہ، ملک کو پولیو فری بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اور وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، آنیوالی نسل کو اپاہج نہیں دیکھنا چاہتے، حکومت پولیو مہم کے دوران ہر بچے کوقطرے پلائے جانے کے لیے کوشاں ہے،نیت ٹھیک اور ارادے بلند ہوں تو پولیو کا خاتمہ مشکل نہیں ہے،وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی میڈیا سے بات چیت

منگل 26 نومبر 2013 20:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26نومبر۔2013ء) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے دوسرے روز بھی پولیو مہم کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد کے نواحی دیہی وشہری علاقوں کا اچانک دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے گھر گھر جا کر بذات خود بچوں کو قطرے پلوائے جانے بارے والدین سے استفسار کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے ترامڑی چوک میں بنائے گئے پولیو کیمپ کے دورہ میں عملہ کو چیک کیا اور متعلقہ اہلکاروں کو مصروف ترین چوک سے گزرنے والی گاڑیوں میں موجود اور پیدل پانچ سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلانے کی ہدایات کی جس کے بعد وزیر مملکت ترلائی کی تنگ و تاریک گلیوں کے گھروں میں گئیں اور محلوں میں نہ صرف پولیو کے قطرے پلانے کے بارے میں پوچھا بلکہ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے بعض مکانات کے باہر قطرے پلائے جانے کے اندراج اور ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جانے کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات بذات خود جائزہ لیا اس موقع پر علاقہ میں پولیو مہم کے انچارج نے وزیر مملکت کو بتایا کہ 100فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلادیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

جس پر وزیر مملکت نے اطمینان کا اظہا رکرتے ہوئے ڈاکٹر میڈم نائلہ اور دیگر عملہ کی تعریف کی ۔وزیر ملکت نے گاؤں فراش،چراہ میں بھی گھر گھر جا کر مہم چیک کی ۔اس موقع پر سائرہ افضل تارڑ نے عملہ اور لیڈی ڈاکٹراور اسسٹنٹ کمشنر شازیہ قاضی سے مختلف امور اور درپیش مشکلات کے بارے میں پوچھا ۔جس پر وزیر مملکت کو بتا یا گیا کہ5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے کی مہم ان علاقوں میں کامیابی سے جاری ہے اور کسی قسم کا کوئی بڑا مسئلہ درپیش نہیں آیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ بعض ٹیموں کو ان کی درخواست سیکورٹی بھی فراہم کردی گئی ہے۔وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے راہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی ہمراہ تھے۔جنہوں نے وزیر مملکت کو مختلف علاقوں کا دورہ کروانے کے ساتھ ساتھ شکایات کے بارے میں بریف کیا۔وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے بعدا زاں اسلام آباد کے نواحی گاؤں سہالہ کی مین روڈ پر بنائے گئے پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا جائزہ لیااور اڈہ نما سٹاپ پر موجود والدین اور مسافروں سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے کے حوالے سے پوچھا جنہوں نے مجموعی طور پر مہم کو تسلی بخش قرار دیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے پولیو کے مرض کو ملک بھر سے ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے قطرے پلائے جانے کی مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی بالکل برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ شراکت اداروں ویکنیشن عملہ اورمیڈیا کو پولیو کے خاتمہ کی حکومتی کوششوں میں ہاتھ بٹانا چاہیے۔

اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں کہا کہ وہ آئندہ بھی پولیو کے قطرے پلانے کی مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں اور عملہ کی کارکردگی کا اچانک معائنہ کرکے جائزہ لیتی رہیں گیں ۔کیونکہ پولیو کے قطروں کا تعلق ہماری آئندہ نسلوں کی صحت و تندرستی سے ہے جس میں غفلت آنیوالی نسل کو اپاہچ بھی ہوسکتی ہیں ۔جبکہ وہ آنیوالی نسل کو اپاہچ نہیں دیکھنا چاہتیں۔

متعلقہ عنوان :