نئے عزم کے ساتھ قومی تعمیر نو میں مصروف ہیں، کم وسیلہ طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں‘ شہبازشریف،قومی جذبے اور اجتماعی سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، توانائی بحران کے حل اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے شب و روز کوشاں ہیں،حکومتی اقدامات سے اشیائے خوردنی بالخصوص سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے، مقررہ نرخوں سے زائد وصولی ہرگز نہیں کرنے دینگے،عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے ہیلتھ انشورنس سکیم کا اجراء کیا جا رہا ہے دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھایا جائیگا،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو،ارکان اسمبلی نے اپنے علاقے میں ہونیوالے ترقیاتی کاموں میں پیش رفت اور دیگر مسائل سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا

بدھ 27 نومبر 2013 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27نومبر۔2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملکی مسائل سے نمٹنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، نئے جذبے سے قومی تعمیر نو میں مصروف ہیں اور کم وسیلہ طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کے انقلابی پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے،ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کئے جانے والے تمام اقدامات کا مقصد عام آدمی کی زندگی میں بہتری اور آسودگی لانا ہے‘توانائی کے نئے منصوبے شروع کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی گئی ہے اور غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں روایتی اور متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار کے نئے منصوبوں میں زبردست دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت کے چین، جرمنی، قطر، کینیڈا اور دیگر ملکوں کے سرمایہ کاروں کے ساتھ معاہدے بھی ہوئے ہیں، امید ہے کہ ان معاہدوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کرکے قوم کو جلد اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے‘ حکومتی اقدامات کے باعث اشیائے خوردنی بالخصوص سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے، مارکیٹ کمیٹیوں کے طے کردہ نرخوں سے زائد وصولی ہرگز نہیں کرنے دی جائے گی،منتخب نمائندے بھی ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھیں۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کے روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقے میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں پیش رفت اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے منتخب نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مسائل کی بھرمار اور وسائل کی کمی ہے، تاہم وزیراعظم محمد نواز شریف سابق حکومتوں کی طرح امداد پر انحصار کرنے کی بجائے معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے خواہاں ہیں۔

ایڈ کی بجائے ٹریڈ کی پالیسی سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو جی پی ایس پلس کا درجہ ملنے سے برآمدات میں زبردست اضافہ ہوگا اور ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو توانائی کے بحران سے نجات دلانا ہمارا مشن ہے ۔ توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے انتہائی تیز رفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

پنجاب میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں- پنجاب میں کوئلے ، سولر ، بائیو ماس ، بائیو گیس ، گنے کے پھوگ،ہائیڈل اور دیگر ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہاہے-انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سبزیوں، پھلوں، دالوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے اورحکومتی اقدامات کے باعث صوبے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام آ رہا ہے،تا ہم ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔

صوبے میں سستے بازاروں کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے اور پنجاب بھرمیں انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ سستے بازار ہفتے میں 3 بار لگائے جائیں جہاں اشیائے ضروریہ عوام کو سستے داموں دستیاب ہوں گی اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ایکس مل ریٹ پر ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک کو درپیش چیلنجز اور مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔

عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے متعدد انقلابی پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ کم وسیلہ طبقات کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے اور عوام کو صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، رہائش اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں۔ صوبے کے انتہائی کم وسیلہ خاندانوں پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کیلئے براہ راست ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس پر بہت جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت 50 ہزار سے زائد ہونہار اور کم وسیلہ طلبا و طالبات کو وظائف فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وسائل کی کمی کے باوجود بھی وہ اپنا تعلیمی سفر جاری رکھ سکیں۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں نوجوانوں کو کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کیلئے پنجاب روزگار بینک کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جبکہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے ہیلتھ انشورنس سکیم کا اجراء کیا جا رہا ہے جس کا دائرہ کار بتدریج پورے صوبے میں بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کے خاتمے اور گڈگورننس کو فروغ دینے کیلئے پنجاب لینڈ ریکارڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کا انقلابی منصوبہ 2014ء تک مکمل ہو جائے گا اور اس منصوبے کی تکمیل سے اراضی کے انتقال اور فرد کے حصول کے حوالے سے پٹوار کلچر کا خاتمہ ہوگا اور عوام کو بغیر رشوت دیئے اراضی کی فرد ملکیت 30 منٹ میں دستیاب ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف پہنچانے کے حکومتی اقدامات میں وہ بھی اپنا کردار ادا کریں اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں۔

ارکان اسمبلی نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بتدریج استحکام آ رہا ہے اور اس ضمن میں منتخب نمائندے بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔