دفاع پاکستان کونسل کی کال پرامریکی ڈرون حملوں کیخلاف کل پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جائیگا، لاہور،اسلام آباد،کراچی،ملتان حیدرآباد و دیگر شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے،ریلیاں نکالی جائیں گی،ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کیخلاف مظاہروں اورریلیوں کے حوالہ سے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں‘قائدین مظاہرین سے خطاب کرینگے ،خطبات جمعہ میں ڈرون حملوں و نیٹو سپلائی کوموضوع بنایا جائیگا ، عوام الناس کو اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کیا جائیگا ‘مذمتی قراردادیں پاس کی جائینگی

جمعرات 28 نومبر 2013 20:05

لاہور /اسلام آباد/کراچی /ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر۔2013ء) دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پرامریکی ڈرون حملوں کیخلاف کل (جمعہ )پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جائیگا، لاہور،اسلام آباد،کراچی،ملتان حیدرآباد و دیگر شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی‘ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کے خلاف مظاہروں اورریلیوں کے حوالہ سے بڑے پیمانے پر تیاریاں و انتظامات کئے گئے ہیں‘ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں المحمدیہ سٹوڈنٹس دفاع پاکستان کو نسل کی جانب سے احتجاج کی کال پر دوپہر اڑھائی بجے پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔

(جاری ہے)

جس میں دفاع پاکستان کونسل کے رہنما خطاب کریں گے۔ احتجاجی مظاہرہ میں تمامتر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔علماء کرام خطبات جمعہ میں ڈرون حملوں و نیٹو سپلائی کوموضوع بنائیں گے ، عوام الناس کو اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کیا جائے گا اور مذمتی قراردادیں پاس کی جائیں گی۔

لاہور میں المحمدیہ سٹوڈنٹس کی طرف سے پریس کلب میں احتجاجی مظاہرے میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء سمیت تمام مکاتب فکر کے افراد شرکت کریں گے۔ دیگر شہروں میں بھی بڑے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے قائدین نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈرون حملوں کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں اورریلیوں میں بھرپور انداز میں شریک ہوں تاکہ پوری دنیا کومضبوط پیغام دیا جائے کہ پوری پاکستانی قوم ان حملوں کے خلاف ہے اوراپنے بے گناہ پاکستانی بھائیوں کے قتل عام کوکسی صورت برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ ڈرون حملے اس لئے بند نہیں کرتا کیونکہ اسے معلوم ہے کہ یہ حملے بند ہوگئے تو پاکستان میں امن قائم ہو جائے گا جو کہ وہ نہیں چاہتا۔ دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے کہا گیا ہے کہ سیاسی، مذہبی وسماجی جماعتوں کے قائدین اور علماء کرام کو چاہیے کہ وہ قوم کی رہنمائی کریں اور اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کریں۔ یوم احتجاج کے موقع پر امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ نے افغانستان میں شکست کے یقین پر پاکستان میں ڈرون حملے شروع کئے اور ان حملوں کیلئے اس خطہ کا انتخاب کیا جہاں وہ اس جنگ کو مستقل رکھنا چاہتا تھا۔

امریکہ، انڈیا اور اسرائیل کی ایجنسیاں بھی اس سازش میں ملوث ہیں۔ وطن عزیز میں امن و امان کے قیام کیلئے ڈرون حملے روکنا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل پچھلے تین سال سے یہ کہتی آرہی ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش ہیں۔ان حملوں کے ذریعہ پاکستان کے امن کو برباد کرنے کی بنیاد رکھی گئی۔ آج ہماری یہ سب باتیں درست ثابت ہو گئی ہیں۔

ا ن حالات میں کہ جب حکومت اور تحریک طالبا ن کے مابین مذاکرات درست سمت میں جارہے تھے‘ امریکہ نے ڈرون حملے کر کے ایک بار پھر اپنی اصل پوزیشن واضح کر دی ہے اور کھل کر پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ ڈرون حملے ہمارے ملک کی سلامتی و خودمختاری پر حملہ ہیں ،ڈرون حملوں کے بعد ملک میں دہشت گردی کی لہر میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ نیٹو سپلائی طورخم اور چمن سے بھی بند ہونی چاہئے ،مرکزی و صوبائی تمام حکومتوں کا نیٹو سپلائی بند کرنے کے حوالہ سے مشترکہ موقف ہونا چاہئے۔کلمہ طیبہ کے نام پر بنائے گئے ملک کا دفاع ہم سب پر فرض ہے۔وطن عزیز کے دفاع کے لئے باہمی اتحاد ویکجہتی کے ساتھ ملک گیر تحریک چلائیں گے۔