متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے کی مذمت ، احتجاجی جلسہ اور جلوس کرنے یا نیٹو سپلائی روکنے سے امریکہ کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ، الطاف حسین کا بیان

جمعہ 29 نومبر 2013 16:36

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29نومبر 2013ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے کہا ہے کہ احتجاجی جلسہ اور جلوس کرنے یا نیٹو سپلائی روکنے سے امریکہ کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتیں اگر اپنے نعروں میں سچی ہیں تو وہ آج کسی بھی وقت امریکن ایمبیسی کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کریں۔

الطاف حسین نے کہاکہ ان جماعتوں کے رہنما امریکن ایمبیسی پر تادم مرگ بھوک ہڑتال نہیں کرسکتے توپھر وہ ایک لمحہ ضائع کیے بغیر وزیراعظم ہاوٴس کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کریں۔الطاف حسین نے کہاکہ جب قومیں حالت جنگ میں ہوں تو پھر صبح شام اور رات دن سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور وطن کی حفاظت کیلئے ہرلمحہ بیداراورچوکس رہنا پڑتا ہے ۔