وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ڈینگی سمیت دیگر چیلنجوں سے نمٹنا کوئی بڑی بات نہیں ہے ‘ رکن پنجاب اسمبلی وحید گل ،شہبازشریف نے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت اور انہیں سہولتوں کی فراہمی کیلئے اپنے آپ کو عوام کے لیے وقف کیاہوا ہے، ڈینگی کے خلاف جنگ میں طالب علم ہماری ایلیٹ فورس ہے‘ڈینگی کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے ‘ سمینار سے خطاب

جمعہ 29 نومبر 2013 20:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29نومبر۔2013ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی وحید گل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت میں ڈینگی سمیت دیگر چیلنجوں سے نمٹنا کوئی بڑی بات نہیں‘ وزیراعلیٰ نے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت اور انہیں سہولتوں کی فراہمی کے لیے اپنے آپ کو عوام کے لیے وقف کیاہوا ہے‘ڈینگی کے خلاف جنگ میں طالب علم ہماری ایلیٹ فورس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف کامرس کینال بینک ہاؤسنگ سکیم عزیز بھٹی ٹاؤن میں ڈینگی کے خلاف شعور اور آگاہی کے سلسلے میں منعقد ہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی کیا۔ پرنسپل محمد کلیم سمیت اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

ممبر صوبائی اسمبلی وحید گل نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملکی قیادت نے ہمارا سر ہر مقام پر فخر سے بلند کیاہوا ہے چاہے وہ ایٹمی دھماکے ہوں، معاشی ترقی ہو یا بین الاقوامی دنیا میں پاکستان کی اہمیت کا لوہا منوانا ہو۔

انہوں نے کہا کہ آج کے طالب علم ہمارے کل کا روشن مستقبل ہیں اور وزیراعلیٰ انہیں جدید چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے میں کوشاں ہیں۔ انہوں کے کہا کہ طالب علموں کو مفت لیپ ٹاپ کی فراہمی، ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے قیام سمیت اجالا پروگرام ، مفت تعلیم اور دیگر سہولیات کی فراہمی اس بات کا ثبوت ہیں کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی کاشوں سے صحت مند اور پڑھا لکھا پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہورہاہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف جنگ میں طالب علم ہماری ایلیٹ فورس ہے۔ جنہوں نے ڈینگی کو ایسی شکست دینی ہے کہ آئندہ ڈینگی پنجاب کی طرف منہ کرنے کا نام نہیں لے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینار ، نمائشوں اور واک کے انعقاد کامقصد ڈینگی کے خلاف عوامی شعور آگاہی دینا ہے تاکہ ہر شخص ڈینگی کے خلاف مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے ۔

انہوں نے کہا کہ محمد شہبازشریف کی قیادت میں تعلیم اور تعلیمی اداروں کے لیے مثالی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سکولوں اور کالجوں کو اپ گریڈ کیا جارہاہے، کمپیوٹر لیب قائم کی جاری ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے مزید بہتر تربیتی کورس کے انعقاد کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ڈینگی کے خلاف حفاظتی اقدامات جن میں ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز کا قیام ، علاج معالجہ کی مفت سہولتیں ، گلی گلی اور محلوں میں سپرے اور فوگنگ اور لٹریچر اور پمفلٹوں سمیت ڈینگی سے بچاؤ کے لوشن اور دیگر حفاظتی اشیاء کی کٹوں کی مفت فراہمی شامل ہے انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب عزیز بھٹی ٹاؤن سمیت پورا پنجاب ڈینگی سے پاک ہوگا۔

سیمینار میں دیگر اساتذہ نے بھی ڈینگی سے بچاؤ اور حتیاطی تدابیر پر اطہار خیال کیا۔ اس موقع پر پرنسپل محمد کلیم نے مہمان خصوصی کی آمد پران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ادارے کی طرف سے کیے جانے والے ڈینگی کیخلاف آگاہی اور دیگر اقدامات سمیت ادارے کی مجموعی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کیا آخر میں ایم پی اے وحید گل طالب علموں میں گھل مل گئے اور انہیں حکومت پنجاب کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔