وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے انتہائی کم وسیلہ طبقات کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کے خصوصی پروگرام کی منظوری دیدی ، پہلے مرحلے میں تقریباً 13لاکھ کم وسیلہ خاندانوں کو ماہانہ ایک ہزار روپیہ سبسڈی دی جائیگی، سبسڈی کیلئے حکومت خدمت کارڈ جاری کریگی ،کم وسیلہ خاندانوں کو ماہانہ براہ راست سبسڈی دینے کے پروگرام پر جلد عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ادارہ جاتی میکنز م کو حتمی شکل دینے کی ہدایت

جمعہ 29 نومبر 2013 22:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29نومبر۔2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کے انتہائی کم وسیلہ طبقات کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کے خصوصی پروگرام کی منظوری دے دی ہے، پہلے مرحلے میں تقریباً13لاکھ کم وسیلہ خاندانوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی‘ سبسڈی کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت کم وسیلہ طبقات کیلئے خصوصی خدمت کارڈ جاری کرے گی جس پر سبسڈی حاصل کرنے والے فرد کا نام اور کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر درج ہوگا۔

اس ضمن میں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء رانا مشہود احمد خان، بلال یاسین ، حمیدہ و حید الدین ، عبد الوحید چودھری ، اراکین اسمبلی،سیکرٹریز صنعت، خزانہ ، خوراک، اطلاعات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کو براہ راست ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ صوبے کے انتہائی کم وسیلہ خاندانوں پر معاشی بوجھ کم کیا جا سکے -محروم معیشت طبقات کی فلاح و بہبود اور انہیں ریلیف فراہم کرنا حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔

معاشرے کے انتہائی کم وسیلہ طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کو ماہانہ براہ راست سبسڈی دینے کے پروگرام پر جلد عملدرآمد یقینی بنایاجائے اور سبسڈی کے پروگرام پر عملدرآمد کے لئے ادارہ جاتی میکنز م کو حتمی شکل دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سبسڈی دینے کے لئے پنجاب حکومت اپنے ڈیبٹ کارڈ کا اجراء کرے گی جو پانچ برس کے لئے کار آمد ہوگا ۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب خدمت کارڈ کے ڈیزائن کی منظوری دیتے ہوئے فی الفور کارڈز کی تیاری کی ہدایت کی۔ انہوں نے کم وسیلہ طبقات اور عوام کے لئے دیگر سماجی پروگراموں کے بارے میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی بنانے کی تجویز پر اس اتھارٹی کے قیام کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔ کمیٹی سول پروٹیکشن اتھارٹی بنانے کے لئے اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ کمیٹی کم وسیلہ طبقات کی فلاح وبہبود کیلئے شروع کئے جانے والے تمام پروگراموں کو نئی اتھارٹی کے زیرانتظام لانے کے لئے بھی تجاویز پیش کر ے گی۔