ڈینگی کی وباء میں نمایاں کمی ،ماہرین روک تھام کیلئے آئندہ سال کی تیاری ابھی سے شروع کر دیں ،خواجہ سلمان رفیق،سات دن تک مسلسل مریض رپورٹ نہ ہونے تک ڈینگی سرویلنس کی موجود رفتار برقرار رکھی جائے‘ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 1 دسمبر 2013 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1دسمبر۔2013ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی کی وباء میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے تاہم سات دن تک مسلسل ڈینگی کے مریض رپورٹ نہ ہونے تک ڈینگی سرویلنس کی موجود ہ رفتار برقرار رکھی جائے اور تمام محکمے اپنی اپنی ذمہ داری کو پورا کرتے رہیں-انہوں نے یہ بات ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ اور ڈینگی ٹیکنیکل ایڈوائزی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی -اجلاس میں سپیشل سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز،ایڈیشنل سیکرٹری صحت (ٹیکنیکل) ڈاکٹر انور جنجوعہ،سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے پروفیسرڈاکٹر محمد علی، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر معاذ احمد ،ماہر وبائی امراض آئی پی ایچ پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ کوکب ،چیف انٹامالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکرم اور پی آئی ٹی بی کے افسران نے شرکت کی -اجلاس میں ڈینگی کی تازہ صورتحال کا جائزہ کیا گیا اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈینگی کی وباء میں نمایاں کمی واقع ہو چکی ہے اور درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ لاروا کی افزائش بھی بہت کم ہے تاہم ابھی صورتحال کی کڑی نگرانی کی ضرورت ہے -اجلاس میں آےئندہ ڈینگی سیزن سے نمٹنے کیلئے ایک بھر پور حکمت عملی پر غور کیا گیا -خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے آف سیزن میں بھی ڈینگی سرویلنس محدود پیمانے پر جاری رکھی جائے اور اس دوران ماہرین اگلے سال کیلئے بھر پور تیاری کریں اور سسٹم میں پائی جانے والی کمزوریوں کو دور کریں تا کہ آئندہ سیزن میں ڈینگی سر نہ اٹھا سکے -اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گوجرانوالہ ،فیصل آباد اور بہاولپور کو آئندہ سال کے ہائی رسک اضلاع میں شامل کیا جائے اور اس سلسلے میں ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ اور انسٹی آف پبلک ہیلتھ مذکورہ اضلاع کے ڈاکٹرز ،نرسز اور دیگر اہلکاروں کو ضروری تربیت کا فوری طور پر اہتمام کریں -خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ مذکورہ اضلاع کیلئے ماہرین حشرات اور سینٹری پٹرولز اور دیگر اہلکاروں کی ضرورت کا بھی فوری طور پر تخمینہ لگایا جائے تا کہ ضرورت کے مطابق مزید سٹاف کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جاسکیں- اس موقع پر چیف انٹامالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ ڈینگی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آگئی ہے لہذا فوگنگ اور مچھر مار سپرے صرف انہی علاقوں کے گھرو ں میں کیا جائے جہاں سے ڈینگی کے مریض رپورٹ ہور ہے ہیں -انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے طرز زندگی کو تبدیل کرنا ہوگا اور ڈینگی پر مکمل کنٹرو ل کیلئے لوگ گھروں کا کوڑا کرکٹ کھلی جگہوں ،پلاٹوں اور نالوں میں پھینکنے کی عادت ترک کر دیں -ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزی گروپ کے ممبر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے ڈینگی مریضوں کے زیادہ بہتر علاج اور بیماری پر موثر کنٹرول کیلئیاقدامات کو کو مزید موثر بنانے پر زور دیا -انہوں نے کہا کہ نجی ہسپتالوں اور ٹرسٹ ہسپتالوں کی انتظامیہ کو اس بات کا پابند کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ ڈینگی مریضوں کی کلینیکل مینجمنٹ کی تربیت کیلئے اپنے سینئر ڈاکٹر ز خصوصا کنسلٹنٹ کو نامزد کریں-اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے اور آئندہ سیزن کی حکمت عملی پر مزید غوروخوص کرنے کیلئے کمیٹی کااجلاس 4دسمبر کو منعقد کرنے کی ہدایت کی-