وزیر صحت شوکت یوسفزئی کا شانگلہ میں ڈینگی مریضوں کیلئے ادویات خریداری میں مبینہ بے قاعدگیوں کا نوٹس ،پولیو رضاکاروں پر حملے کی شدید مذمت،پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار،پولیو مہم جاری رہیگی،وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی

اتوار 1 دسمبر 2013 21:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1دسمبر۔2013ء) صوبائی وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے شانگلہ ،بشام میں ڈینگی مریضوں کیلئے خرید ی گئی ادویات کی خریدار ی میں مبینہ بے قاعدگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شانگلہ کو فوری تحقیقات کی ہدایات جاری کر دیں۔شوکت علی یوسفزئی نے پشاورمیں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت اور پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں پولیو مہم جاری رہیگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر صحت کو شکایت ملی تھی کہ شانگلہ میں ڈینگی مریضوں کیلئے خریدی گئی ادویات میں مبینہ بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔وزیر صحت کے مطابق انھوں نے ادویات کے بل کو مسترد کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر شانگلہ کو فوری تحقیقات کا حکم دیاہے۔انھوں نے کہا کہ قوم کا پیسہ صرف قوم پر خرچ ہو گا اگر خرد برد ثابت ہوئی تو سخت کاروائی ہو گی اورکرپشن کرنیوالوں کو جیل بھی جانا ہو گااور ملازمت سے بھی ہاتھ دھونا پڑیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے پشاور میں پولیو ٹیم پر حملے کی بھی شدید مذمت کی ہے ۔انھوں نے حملے میں پولیس اہلکار کے جاں بحق اور ایک اہلکار کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ۔انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پشاور اور صوبے میں پولیو مہم جاری رہیگی ۔دنیا بھر سے پولیو ختم ہو چکاصرف پاکستان ،افغانستان اور دو اورو ملکوں میں اب تک موجود ہے ،پولیو کا خاتمہ کرنا ضروری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ آنیوالی نسلوں کو اپاہج ہونے سے بچانا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :