پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کروڑوں غریب عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں‘اللہ دتہ آرائیں، مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے جس نے پاکستان کے غریب طبقہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے

پیر 2 دسمبر 2013 14:03

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 دسمبر 2013ء) پیپلزپارٹی سٹی میرپور کے راہنمااللہ دتہ آرائیں نے کہاہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کروڑوں غریب عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں انشاء اللہ جلد وہ قومی اسمبلی میں ہوں گے اور پاکستان کے عوام کی ترجمانی کریں گے موجودہ حکومت نے الیکشن میں عوام سے جو وعدے کیے اسے پورا کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے جس نے پاکستان کے غریب طبقہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے حکومت ناکام ہوچکی ہے آٹے کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ حکومت کی کمزور اور ناقص پالیسی کامنہ بولتا ثبوت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر محمد رفیق ،راجہ خالق ،عبدالرؤف ،چوہدری مشتاق ،چوہدری یٰسین ،چوہدری نظام اور حاجی کریم سے ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

اللہ دتہ آرائیں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے عوام مہنگائی کی چکی میں پس چکے ہیں جب حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں کوئی بھی اقدام اُٹھانے سے گریزاں ہے ۔

اس موقع پر انہوں نے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر دیوار تعمیر کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کشمیریوں کو تقسیم کرنے سے باز رہے کشمیریوں کسی بھی ایسی کنکریٹ کی دیوار کو قبول نہیں کریں گے جس سے کشمیری ایک دوسرے کو ملنے سے محروم رہ سکیں ۔انہوں نے سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی ملک وملت کیلئے خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط کیا ہے پاکستان اورکشمیری عوام انہیں سلیوٹ کرتے ہیں ۔اس موقع پر انہوں نے نئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو بھی مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک جذبات کااظہار کیا۔