بامعنی اقتصادی ترقی کاروباری طبقے کے تعاون اور اقتصادی پالیسیوں کی تشکیل میں فعال کردار کے بغیر ممکن نہیں ، صدر ممنون حسین ،حکومت سرمایہ کاروں و کاروباری طبقے کے اعتماد کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ، تاجروں سے گفتگو

پیر 2 دسمبر 2013 23:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2دسمبر۔2013ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بامعنی اقتصادی ترقی کاروباری طبقے کے تعاون اور اقتصادی پالیسیوں کی تشکیل میں فعال کردار کے بغیر ممکن نہیں۔ وہ پیر کو راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے اپنے صدر ڈاکٹر شمائل داؤد آرائیں کی قیادت میں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

وفد میں دیگر کے علاوہ ملک شاہد سلیم، محمد عالم چغتائی، منظور خورشید شیخ، محمد صابر، سہیل الطاف، ایس ایم نسیم ، محمد منیر مغل اور محمد حفیظ احمد شامل تھے۔ صدر نے کہا کہ حکومت ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں و کاروباری طبقے کے اعتماد کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تا کہ ملک میں بھرپور اقتصادی سرگرمی پیدا ہو اور پاکستان کی معیشت پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں حکومتی کوششوں کو تقویت دے اور اپنا سرگرم کردار ادا کرے۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ آگے آئے اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے حکومت کو ٹھوس تجاویز پیش کرے۔ چیمبر کے صدر نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری قومی معیشت کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :