آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی نے انسانوں کو اپنے جسم اور رو ح کے ساتھ تعلق برقرار رکھنا مشکل بنا دیا ہے،عبدالرشید ترابی،65سال گزرنے کے باوجود فرسود انظام مسائل کے حل میں ناکام ہو چکاہے عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور فراہمی حکومت اور ریاست کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے جس میں وہ بھری طرح ناکام ہے،عدل و انصاف کے حصول کے لیے عوام دھکے کھا رہے ہیں تعلیم اور صحت کا بیڑا غرق ہو چکا ہے،ہر آنے والی حکومت مسائل اور خرابیوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے،سارے مسائل کا حل مکمل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے عوام حتمی فیصلہ کریں تا کہ ان کے مسائل حل ہوں‘امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر

جمعرات 5 دسمبر 2013 15:33

چکار(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 دسمبر 2013ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی نے انسانوں کو اپنے جسموں اور روح کے ساتھ تعلق کو برقرار رکھنامشکل بنا دیا ہے،ہر گزرتے دن کے ساتھ مشکلات مصائب اور مہنگائی اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے،65سال گزرنے کے باوجود فرسودا نظام عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکا ہے عوام کے حقوق کا تحفظ اور فراہمی حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے جس میں وہ بری طرح ناکام ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ نمبر5کے سیکرٹری مولانا عبداللہ کی طرف سے دئیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر قائمقام امیر حلقہ5سفیر مغل بھی موجود تھے،معززین علاقہ نے جماعت اسلامی کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ صحت اور تعلیم حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ فراہم کرے،محکمہ تعلیم میں اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود نتیجہ صفر ہے،صحت کے حوالے سے حالات اس سے بھی زیادہ مخدوش ہیں،ہسپتال کی عمارتیں ہیں مگر ڈاکٹر نہیں ہیں ڈاکٹر ہیں تو ادویات نہیں ہیں،جہاں ادویات ہیں بھی تو وہ دس نمبر کی ہیں جن کے استعمال کا مرض کا علاج ہونے کے بجائے کئی اور بیماریوں کا باعث بنتیں ہیں،تعلیمی اداروں میں میرٹ کی پامالی اور سیاسی تقرریوں نے محکمہ تعلیم کا بیڑہ غرق کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ ریاست کا ہر محکمہ تباہی کے دہانے پر پہنچا ہوا ہے عدل و انصاف کے حصول کے لیے لوگ دھکے کھاتے پھر رہے ہیں،رشوت اور سفارش کے بغیر چھوٹے سے چھوٹا کام نہیں ہو سکتا،اپنی ہی زمین کی نکل رشوت اور سفارش کے بغیر نہیں مل رہی یہ کون سا نظام ہے جو اکیسویں صدی میں بھی ہمارے اوپر مسلط ہے،ہر آنے والی حکومت مسائل اور خرابیوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے،ان حالات میں عوام اٹھیں اور اس فرسودا نظام کو مسترد کریں دین دار قیادت کو سامنے لائیں،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس صاحب کردار قیادت ہے انہوں نے کہا کہ زلزلہ ہو سیلاب ہو یا اور قدرتی مصیبت جو کام حکومتوں کو کرنا چاہیے وہ جماعت اسلامی کر رہی ہے،عوام حتمی فیصلہ کریں تا کہ اس نظام سے قوم کی گردنوں کو آزاد کروایا جائے انہوں نے حکومت سے یہ بھی کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کریں تا کہ لوگ مقامی نمائندوں کو منتخب کریں اور وہ نمائندے مقامی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کریں،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے نہ صرف آزاد خطے کے مسائل حل کرنے اور قوم کو دیانتدار قیادت فراہم کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے بلکہ کشمیر کی آزادی میں جماعت اسلامی کا بنیادی کردار ہے۔