چوری ہونے والا وہ ٹرک تلاش کر لیا ہے جس پر خطرناک تابکار طبی مادہ لدا ہوا تھا ، میکسیکو حکام ، تابکار مادہ کوبالٹ 60 اپنے حفاظتی خول سے نکال کر یوں ہی چھوڑ دیا گیا تھا ،ذرائع

جمعرات 5 دسمبر 2013 20:42

میکسیکو سٹی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5دسمبر۔2013ء)میکسیکو میں مقامی حکام نے بتایا ہے کہ انھوں نے چوری ہونے والا وہ ٹرک تلاش کر لیا ہے جس پر خطرناک تابکار طبی مادہ لدا ہوا تھا۔حکام کے مطابق تابکار مادہ کوبالٹ 60 اپنے حفاظتی خول سے نکال کر یوں ہی چھوڑ دیا گیا تھا اور اس کی قربت میں رہنے کی وجہ سے اسے چرانے والے افراد کی جان کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ چور اس مادے سے خارج ہونے والی تابکاری کی زد میں آئے ہوں گے لیکن مقامی رہائشیوں کی صحت کو اس سے کوئی خطرہ لاحق نہیں۔وہ تابکار مادہ اور ٹرک دارالحکومت میکسیکو سٹی کے نواح سے برآمد ہوا واضح رہے کہ کوبالٹ 60 کا استعمال کینسر کے علاج میں ہوتا ہے اور اسے میکسیکو کے شمالی شہر ٹیجونا کے ہسپتال سے دارالحکومت کے قریب ایک ڈسپوزل مرکز لایا جا رہا تھا۔