عدالتی بحران کے پیش نظر بیورو کریسی میں اہم تبدیلیاں ، سید انور محمود اطلاعات اور خوشنود اختر لاشاری سیکرٹری صحت تعینات ،باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری، نئے سیکرٹریزکل اپنے اپنے عہدوں کا چارج سنبھالیں گے

پیر 26 مارچ 2007 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2007ء) صدر مملکت جنرل پرویزمشرف اور وزیر اعظم شوکت عزیز نے عدلیہ کے حالیہ بحران پر میڈیا میں حکومتی موقف کو مزید موثر انداز میں پیش کرنے کیلئے میڈیا ٹیم میں ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے سیکرٹری صحت سید انور محمود کو سیکرٹری اطلاعات و نشریات بنا دیا ہے جبکہ چند روز قبل سیکرٹری اطلاعات بننے والے خوشنود اختر لاشاری کو سیکرٹری صحت بنا دیا گیا ہے۔

اس ضمن میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئے سیکرٹری صحت اور سیکرٹری اطلاعات آج اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیں گے۔ سید انور محمود کا شمار وزارت اطلاعات و نشریات کے سینئر اور تجربہ کار افسران میں ہوتا ہے وہ چار سال تک سیکرٹری اطلاعات و نشریات کے عہدے پر تعینات رہے اور احسن طریقے سے حکومتی میڈیا پالیسی کو چلایا ۔

(جاری ہے)

سید انور محمود کو 2002ء عام انتخابات سے ڈیڑھ سال قبل صد ر پرویز مشرف نے سیکرٹری اطلاعات بنایا اور وہ اس عہدے پر چار سال تک فائز رہے ۔ وزیر اعظم شوکت عزیز کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد انہیں سیکرٹری صحت تعینات کیا گیا تھا اور وہ اس عہدے پر 2 سال سے زائد عرصہ تک اپنے فرائض انجام دیتے رہے ۔ حالیہ چند دنوں میں میڈیا میں حکومتی موقف کو زیادہ بہتر انداز میں پیش کرنے کے لئے سید انور محمود کو دوبارہ سیکرٹری اطلاعات و نشریات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وہ (آج) منگل کو وزارت اطلاعات و نشریات میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ نئے سیکرٹری صحت خوشنود اختر لاشاری بھی منگل کو سیکرٹری صحت کے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔