بلند فشار خون ”ہائی بلڈ پریشر“کئی مہلک بیماریوں کا سبب بنتا ہے‘ پروفیسر حکیم محمد اعجاز فاروقی،تیز رفتار زندگی میں ذہنی دباؤ، غصہ اور فاسٹ فوڈ کا استعمال بلند فشار خون کا باعث بن رہے ہیں

پیر 9 دسمبر 2013 16:48

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 دسمبر 2013ء) بلند فشار خون ”ہائی بلڈ پریشر“بذات خود کوئی مرض نہیں لیکن کئی مہلک امراض کا سبب بنتا ہے، تیز رفتار زندگی میں ذہنی دباؤ، غصہ اور فاسٹ فوڈ کا استعمال بلند فشار خون کا بڑا سبب بن رہے ہیں ،اس بیماری میں مبتلا افراد کو غیر معمولی جسمانی تکلیف نہیں ہو تی بلکہ معمولی چکر آتے ہیں جسے عموماًنظر انداز کیا جا تا ہے۔

اس لئے اسے خاموش قاتل بھی کہا جا تا ہے۔ان خیالات کا اظہار ماہرین طب یونانی پروفیسر حکیم محمد اعجاز فاروقی، پروفیسر حکیم محمد احمد سلیمی، پروفیسر حکیم سید عمران فیاض، پروفیسر حکیم محمد افضل میوسمیت دیگر نے پاکستا ن طبی کانفرنس لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام بلند فشار خون کئی مہلک امراض کا باعث بنتا ہے کے حوالے سے منعقدہ مجلس مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طرز زندگی میں تبدیلی لا کران بیماریو ں سے بچا جا سکتا ہے۔ بلند فشار خون دل کی رگوں پر خون کی گردش تیز ہونے کی وجہ سے پڑنے والا دباؤ ہے۔جس سے خون کی شریانیں پھٹنے کا اندیشہ رہتا ہے۔ جان ہے تو جہان ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق وز ن کو کنٹرول رکھنا، نمک اور چربی کے استعمال میں کمی، رہن سہن کے سادہ طریقے اپنانے، غذاؤں میں ٹینڈے، کدو، گھیا توری، گاجر، مولی اور سبزیوں کا استعمال ، فاسٹ فوڈ، مرغن غذاؤں سے اجتناب کر کے بلند فشار خون سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔طب یونانی طریقہ علاج کے تحت صدیوں بلند فشار خون کا کامیاب علاج کیا جا رہا ہے۔