سپریم کورٹ کا آئی جی ایف سی بلوچستان کا طبی اور چھٹی کا ریکارڈ کل پیش کرنے کا حکم

منگل 10 دسمبر 2013 19:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10دسمبر۔2013ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئی جی ایف سی توہین عدالت کیس میں آئی جی میجر جنرل اعجاز شاہد کا طبی اور چھٹی کا ریکارڈ کل پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پرعدالت کا کہنا تھا کہ 12 روز سے ایک افسر چھٹی پر ہے ایف سی اعلیٰ افسر کے بغیر کیسے کام کررہی ہے، قانون کا مذاق اڑایا جارہا ہے، ٹیلی فون پر لمبی چھٹی دینا آئین کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

عدالت نے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ سے پوچھاکہ اس وقت ایف سی کی کمان کون کررہا ہے، چھٹی کا ریکارڈ ساتھ نہ لانے پر ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کی سرزنش بھی کی گئی۔وزارت داخلہ کی طرف سے بتایا گیا کہ میجر جنرل اعجاز کی رخصت کی درخواست موصول نہیں ہوئی، بریگیڈیر خالد سلیم قائم مقام آئی جی کے فرائض ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرتےہوئے آئی جی میجر جنرل اعجاز شاہد کا طبی اور چھٹی کا ریکارڈ کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کیس کی سماعت کے دوران متعدد بار آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل اعجاز شاہد کو طلب کرنے کے باوجود پیش نہ ہونے پر 5 دسمبر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔