میرپور ڈویژن میں سردی کے آغاز کے ساتھ ہی امراض تنفس پھیل گیا، امراض تنفس اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے لئے والدین خصوصی احتیاط سے کام لیں‘ڈاکٹر حنیف

بدھ 11 دسمبر 2013 13:16

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11دسمبر 2013ء)میرپور ڈویژن میں سردی کے آغاز کے ساتھ ہی امراض تنفس پھیل گیا بچوں میں دمہ نمونیہ اور بخار سمیت دیگر بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں میرپور کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں سینکڑوں بچے بیماری کی حالت میں رپورٹ کر چکے ہیں والدین کو چاہیے کہ وہ نوزائیدہ اور کم عمر بچوں کو گرم کپڑے پہنائیں اور موسمی شدت سے محفوظ رکھنے کے لئے مناسب خوراک استعمال کروائیں ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے سب سے بڑے نجی ہسپتال لیڈیز اینڈ چلڈرن ہسپتال کے ایم ڈی ڈاکٹر سی ایم حنیف نے ڈاکٹرنتاشہ ہاشمی اور ڈاکٹر فاریہ چوہدری کی موجودگی میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر حنیف نے کہاکہ کم عمر بچے چونکہ کمزور ہوتے ہیں اس لئے سردی کے موسم کا براہ راست پہلا اثر اسی ایج گروپ پر پڑتاہے امراض تنفس اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے لئے والدین خصوصی احتیاط سے کام لیں اور بیماری کی صورت میں ٹوٹکے استعمال کرنے کی بجائے معالج سے فوراًرابطہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ہم نے لیڈیز اینڈ چلڈرن ہسپتال میرپور میں ان بیماریوں کے علاج کے لئے ”سپیشل نمونیہ سیل “قائم کر دیا ہے جہاں انتہائی تجربہ کار ڈاکٹرز ،لیڈی ڈاکٹر ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف سمیت دیگر عملہ ذمہ داریاں ادا کرنے کے لئے موجود ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت ڈاکٹرز فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں عوام کو چاہیے کہ وہ شعور وآگہی حاصل کریں اور علاج سے بچنے کے لئے پرہیز اور احتیاط سے کام لیں۔