موٹاپا پاکستان سمیت دنیا بھر کا مسئلہ بن چکا ہے ،طبی ماہرین ،مقامی ادویات کا صحیح استعمال وقت کی ضرورت ہے، جامعہ کراچی میں ڈاکٹر اقبال چودھری سمیت دیگر مقررین کا خطاب

بدھ 11 دسمبر 2013 16:44

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11دسمبر 2013ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمداقبال چوھدری نے کہا ہے کہموٹاپا پاکستان سمیت دنیا بھر کا مسئلہ بن چکا ہے جو زیابطیس، امراض قلب سمیت دیگر مہلک امراض کا سبب بنتا ہے، مقامی ادویات کا صحیح استعمال وقت کی ضرورت ہے، دنیا میں 170 ملین لوگ زیابطیس جیسے مرض کا شکار ہیں، تحقیق کے مطابق سبز چائے اس مرض میں مفید ہے۔

یہ بات انھوں نے بدھ کو آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے تحت نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے موضوع پر جاری 4 روزہ 14ویں ایشین سمپوزیم کے تیسرے روز خطاب کے دوران کہی۔ اس بین الاقوامی سمپوزیم میں دنیا بھرسے 600 سائنسدان اور محققین شرکت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹراقبال چوھدری نے کہا پاکستان ادویاتی پودوں کے وسائل سے مالامال ہے ان پودوں کو متعلقہ حکام کی جانب سے نگہداشت کی ضرورت ہے کیونکہ یہ پودے تیزی سے ناپید ہورہے ہیں، انھوں نے کہا تحقیق میں زوال کے سبب نئی اینٹی بائیوٹیک نہیں بن رہی ہیں جس سے نمونیا، سیپٹک اور جلدی امراض سمیت دیگر وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔

آئی سی سی بی ایس کی پروفیسر ڈاکٹر بینا صدیقی نے کہا کہ قدرت نے انسان کو قدرتی وسائل سے بہرامند کیا ہے جو صرف پودوں کی حد تک ہی محدود نہیں ہے، انھوں نے کہا نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری نے ادویا سازی کے نقطہٴ نگاہ سے انتہائی موثر کیمیکل دیے ہیں، برطانیہ کے سائنسدان ڈاکٹر نثار احمد نے کہا زیابطیس دنیا بھر میں صحت کا ایک اہم ترین مسئلہ ہے، 170 ملین لوگ دنیا میں زیابطیس جیسے مرض کا شکار ہیں۔ آئی سی سی بی ایس کی ڈاکٹر فاطمہ باشا نے کہا زیابطیس کے مسئلے پر رشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صحت کے عالمی ادارے کے مطابق گزشتہ 25 سالوں میں زیابطیس کے مرض میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔

متعلقہ عنوان :